چین ‘ویکسین سکینڈل میں 37 افراد گرفتار

بدھ 23 مارچ 2016 13:05

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء) ملک کے مشرق علاقے میں ٹیکے کے لیے مخصوص ایک دوا میں بدعنوانی کرنے کے الزام میں 37 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔چینی میڈیا کے مطابق یہ گرفتاریاں گذشتہ ماہ پولیس کے اس اعلان کے بعد ہوئی ہیں جس میں پولیس نے غیر قانونی طور پر ٹیکے کی دوا کو خرید کر فروخت کرنے کے الزام میں ایک ماں اور بیٹی کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

ٹیکوں کیلئے مخصوص دوا کا یہ پروجیکٹ تقریباً ساڑھے آٹھ کروڑ ڈالر کی مالیت کا ہے۔ اس دوا سے متعلق اسے اچھی طرح سے ٹھنڈا نہ کرنے اور نقل و حمل میں لاپرواہی برتنے جیسی شکایت سامنے آئی تھیں۔کہا جارہا ہے کہ 2011 سے ہی اس دوا کا غیر قانونی دھندہ جاری تھا جس پر لوگوں میں سخت ناراضگی بھی پائی جاتی تھی۔

(جاری ہے)

سکینڈل کے خلاف کارروائی کے تحت دوا بنانے والی کمپنیوں، بڑے خریداروں اور فروخت کرنے والوں پر نظر رکھنے کا سلسلہ شروع کیا گیا۔

اس سلسلے میں دوا بنانے والی تین بڑی کمپنیوں کے خلاف تفتیش کی جارہی ہے جبکہ ایک کمپنی کو آپریشن معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔چین میں عالمی ادارہ صحت کے مطابق ٹیکے کی اس دوا کو سنبھال کر رکھنے کی ضرورت ہے ورنہ اس کا اثر کم ہوجاتا ہے۔ تاہم اس کا کہنا ہے کہ اس دوا کو قاعدے سے نہ رکھنے سے کوئی بہت زیادہ نقصان بھی نہیں ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :