پراونشل ٹی بی کنٹرول پروگرام کے تحت کل ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر مرکزی تقریب جیلانی پارک میں ہوگی

بدھ 23 مارچ 2016 16:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء)محکمہ صحت پنجاب کے زیر اہتمام تپ دق کا عالمی دن(ورلڈ ٹی بی ڈے) کل 24مارچ کو منایا جارہاہے۔پراونشل ٹی بی کنٹرول پروگرام نے اس دن کے حوالے سے تپ دق کی بیماری کے بارے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے مختلف پروگرام ترتیب دئیے ہیں۔اس سلسلہ میں مرکزی تقریب سہ پہر 3.30 بجے جیلانی پارک میں منعقدہوگی جس میں مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق مہمان خصوصی ہوں گے۔

تپ دق کے عالمی دن کے حوالے سے پنجاب ٹی بی کنٹرول پروگرام نے تپ دق سے بچاؤ، احتیاط اور علاج بارے عوامی آگاہی کے لئے مختلف پروگرام ترتیب دےئے ہیں جو ماہ رواں کے اختتام تک جاری رہیں گے جس میں موبائل تھیٹر بھی شامل ہے جو صوبے کے مختلف اضلاع کا دورہ کرے گا اس موبائل تھیٹر میں مختلف فنکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں تاکہ تپ دق کی بیماری کے بارے پیغام کو ہلکے پھلکے انداز میں عوام تک پہنچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پرفارمنگ آرٹ کے میگا شوز بھی منعقد کئے جائیں گے اور چسٹ کیمپس بھی لگائے جائیں گے جہاں ڈاکٹرز ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے لوگوں کے سپوٹم سیمپلز بھی تجزیہ کے لئے اکٹھے کریں گے ۔پنجاب ٹی بی کنٹرول پروگرام اس بیماری سے آگاہی بارے سیمینار بھی منعقد کر ے گا ۔ مذکورہ تقریبات میں عالمی ادارہ صحت کے علاوہ دیگر انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ پارٹنر ز کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔