دنیا بھر میں پیر کو صحت کا عالمی دن منایا گیا

پیر 7 اپریل 2008 13:30

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل۔2008ء) پوری دنیا کی طرح پاکستان میں پیر کو صحت کا عالمی دن منایا گیا۔ اس مرتبہ اس دن کا خصوصی موضوع موسمی تبدیلیوں سے صحت کا تحفظ ہے۔ صحت کے عالمی دن پر اس موضوع کو منتخب کرنے کی وجہ موسمی تبدیلیوں کے باعث عالمی سطح پر صحت عامہ کیلئے بڑھتے ہوئے خطرات ہیں۔ ہر سال سات اپریل کو دنیا بھر میں صحت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف تقاریب کے انعقاد کے ساتھ منایا جاتاہے۔

بچوں کی شرح اموات میں کمی اور انسانی صحت کو مختلف موذی امراض سے بچانے کیلئے کوششوں اور شعور کو اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا جاتا ہے۔ اس سال عالمی یوم صحت پر بڑھتے ہوئے عالمی درجہ حرارت سے لوگوں کی صحت کو لاحق خطرات کو اجاگرکیا گیا اور عالمی سطح پر حکومتوں ، تنظیموں اور افراد کو باہمی تعاون سے اس اہم مسئلہ کیلئے کوششوں کی اہمیت پر زور دیا کہ وہ اس دن کو ایک موقع سمجھتے ہوئے مشترکہ تعاون کی راہیں تلاش کریں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے مطابق اس صدی کے دوران عالمی اوسط درجہ حرارت میں کئی ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ ہوجائے گا،لہذاٰ انسانی صحت پر بھی اس کے اثرات ہوں گے ۔وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے صحت کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہاہے کہ حکومت ہر شہری کو ان کے فطری حق کے تحت صحت کی معیاری خدمات فراہم کر نے کو اولین ترجیح دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سب کوصحت کی معیاری سہولیات فراہم کر نے کے لئے پر عزم ہے۔واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے 1948 میں ہر سال 7 اپریل کو صحت کا عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا تھااور پہلی مرتبہ1950 میں یہ دن منایا گیاتھا۔

متعلقہ عنوان :