صحت مند ، معیاری خون اور اس کے اجزاء مریضوں کو فراہم کرنے کیلئے سینٹرلائزڈ بلڈ بنکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

جمعرات 24 مارچ 2016 16:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مارچ۔2016ء)پنجاب کے عوام کو صحت مند اور معیاری خون اور اس کے اجزاء کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سینٹرلائزڈ بلڈ بنکنگ سسٹم شروع کیا جا رہا ہے تاکہ انتقال خون سے پھیلنے والے امراض کی روک تھام کی جاسکے۔یہ بات مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے ریجنل بلڈ بنکس کے قیام اور ملتان و بہاولپور کے مکمل ہونے والے RBCsکو آپریشنل کرنے میں پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ، ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی ڈاکٹر شبانہ حیدر، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر سلمان شاہد، شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹر آصف جوئیہ، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ ڈاکٹر نورالعین فاطمہ، انڈس ہسپتال کراچی سے پروفیسر صباء جمال، رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر عالیہ آفتاب، انسٹی ٹیوٹ آف بلڈٹرانسفیوژن سروس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ظفر اقبال، PGMIکے پروفیسر نعمان ملک اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو انڈس ہسپتال کراچی اور IBTSکے نمائندوں نے الگ الگ بریفنگ دی۔ ڈاکٹر صباء جمال نے صحت مند اور معیاری خون کی فراہمی کیلئے وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کی جانب سے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ معیاری خون اور اس کے اجزاء کی فراہمی کے سلسلہ میں صوبہ پنجاب پبلک سیکٹر میں لیڈکر رہا ہے اور بلڈبنکنگ کے حوالے سے پنجاب Paradigmشفٹنگ کی طرف گامزن ہے۔

اجلاس کو بتایاگیاکہ جرمنی کی حکومت کے دو اداروں GIZاور KFWنے ملتان اور بہاولپور میں دو ریجنل بلڈ سینٹر تعمیر کرکے دیئے ہیں جبکہ دیگر ڈویژنوں میں بھی ایسے ہی RBCsبنانے کا منصوبہ ہے۔ اجلاس میں ملتان اور بہاولپور کے بلڈسینٹرز کو انڈس ہسپتال کراچی کے زیرانتظام چلانے پر غور کیاگیا۔ کمیٹی اس سلسلہ میں اپنی حتمی سفارشات وزیراعلیٰ کو ایک دو دن کے اندر پیش کردے گی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ انڈس ہسپتال ٹرسٹ کراچی پہلے ہی طیب اردگان ہسپتال مظفرگڑھ اور لدھڑ ہسپتال بیدیاں روڈ لاہور کو نہایت اچھے طریقہ سے آپریٹ کر رہا ہے۔سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے کہا کہ اس سلسلہ میں حتمی فیصلہ ہونے پر انڈس ہسپتال کے ساتھ باقاعدہ ایک معاہدہ پر دستخط ہوں گے اور اس کنٹریکٹ میں تمام جزئیات اور شرائط کو طے کیا جائے گا۔ انہوں نے اس سلسلہ میں Contractual Document کی تیاری کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔