آسٹریلوی ہائی کمشنر کی وزیر اعظم سے ملاقات ،پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے ، یوسف رضا گیلانی ،پاکستان میں تعلیم،صحت اور زراعت کے شعبوں اور فاٹا میں سافٹ پراجیکٹس پر کام کرنا چاہتے ہیں،زوریکا میکارتھی

پیر 7 اپریل 2008 18:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل۔2008ء) وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے ، یہ بات انہوں نے پیر کو پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر محترمہ زوریکا میکارتھی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، جنہوں نے ان سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی ، یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان زلزلہ اور سیلاب کے دوران آسٹریلیا کی طرف سے کی جانے والی امداد کو سراہتا ہے انہوں نے قبائلی علاقہ جات میں آسٹریلیا کی طرف سے سافٹ پراجیکٹس پر کام کرنے کی خواہش اور پاکستان میں تعلیم ، صحت اور زراعت کے شعبوں میں اظہار دلچسپی کا خیر مقدم کیا ، وزیراعظم نے کہا کہ نئی جمہوری حکومت دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے کثیر الجہتی حکمت عملی اختیار کرے گی انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے مسئلے سے موثر انداز سے نمٹنے کیلئے مختصر اور طویل المدت کے اقدامات پر کام کررہی ہے ، انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو دہشتگردی کی بنیادی وجوہات پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے جو سماجی ، اقتصادی محرومی اور تصفیہ طلب سیاسی تنازعات یک وجہ سے پروان چڑھتی ہے ، وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقے میں بنیادی ڈھانچے کے فروغ ، صحت اور تعلیم کی بہتر سہولیات اور نوجوانوں کو اقتصادی مواقع کی فراہمی کیلئے جامع انداز فکر اختیار کرنے کی ضرورت ہے ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ہائی کمشنر نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ کے کردار کو سراہا اور چیلنجوں سے موثر انداز سے نمٹنے کیلئے آسٹریلوی حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا ، انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت صحت ، تعلیم اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کے ساتھ ساتھ قبائلی علاقوں میں سافٹ پراجیکٹس پر کام کرنے کی خواہاں ہے انہوں نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو آسٹریلیا کے دورے کی دعوت بھی دی ۔