حکومت پنجاب ٹی بی کے کنٹرول کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے،ڈاکٹر نذیر عاقب نیکوکارہ

ٹی بی ایک مہلک متعدی مرض ہے ،عوام الناس کے تعاون کے بغیر اس بیماری پر کنٹرول ناممکن ہے ،ای ڈی او ہیلتھ

جمعرات 24 مارچ 2016 20:54

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 مارچ۔2016ء) ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نذیر عاقب نیکوکارہ نے کہاہے کہ ٹی بی ایک مہلک متعدی مرض ہے ۔ عوام الناس کے تعاون کے بغیر اس بیماری پر کنٹرول ناممکن ہے ۔ حکومت پنجاب ٹی بی کے کنٹرول کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے ۔ ٹی بی کے ایک مریض پر حکومت سات لاکھ روپے کے اخراجات کر رہی ہے اس پروگرام کے تحت سرکاری ہسپتالوں میں ٹی بی کے مریضوں کیلئے ادویات اور ٹیسٹوں کے علاوہ دیگر سہولیات مفت مہیا کی جارہی ہیں۔

ٹی بی کے مریض کے لواحقین کافرض ہے کہ وہ مریض کے علاج کو سنجیدہ لیں۔ادویات دینے میں باقاعدگی کریں ورنہ ایک مریض سے ایک گھر میں دیگر افراد کو بھی یہ بیماری منتقل ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آ ج ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر ٹی بی ہسپتال او رٹی بی ڈاٹ پر وگرام کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار میں ڈی او ایچ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری ‘ ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ‘ ڈاکٹر شیر دل عادل ‘ڈاکٹر اعجاز احمد چوہدری ‘ ڈاکٹر رجب ریاض اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈاکر سکندر وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ پنجاب میں ٹی بی کے مریضوں کی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے ۔ ضلع سرگودہا میں ہر سال 25 ہزار سے زائد مریضوں کا سرکاری ہسپتالوں سے مفت علاج ہورہاہے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع سرگودہا میں سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ چالیس سے زائد پرائیویٹ کلینکس پر بھی حکومت کی طرف سے ٹی بی کی ادویات مہیا کر دی گئی ہیں جبکہ ضلع میں 25سنٹرز پر ٹی بی کا مفت علاج جس میں ادویات اور ٹیسٹ بھی شامل ہے مہیا کیا جارہاہے ۔ سرکاری ہسپتالوں میں چھ ماہ تک مفت علاج کی سہولت موجود ہے ۔ عوام الناس کو چاہیے کہ وہ حکومت کی طرف سے اس سہولت سے استفادہ کریں۔

انہوں نے ٹی بی کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دینے کی اپیل کی او رٹی بی کے مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں لانے او رلواحقین کو اپنے مریضوں کا علاج اپنی نگرانی میں کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔مریضوں کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں ۔ ایم ایس ڈاکٹر حسین احمد مدنی نے ٹی بی ڈے عالمی دن کی اہمیت سے روشناس کراتے ہوئے بتایا کہ ٹی بی ہسپتال سرگودہا میں ٹی بی کے مریضوں کے مفت علاج کے ساتھ انہیں کھانا بھی فری دیا جاتاہے جس کیلئے مریض سے ایک روپیہ بھی وصول نہیں کیا جاتا ۔

بعد ازاں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نذیر عاقب نیکوکارہ ‘ایم ایس ڈاکٹر حسین احمد مدنی ‘ ڈاکٹر سکندر وڑائچ ‘ڈاکٹر تنویر اکرم بھٹی ‘ ڈاکٹر شیر دل عادل ‘ ڈاکٹر رجب ریاض او ردیگر ڈاکٹرز کی سربراہی میں آگاہی واک کا بھی اہتمام کیاگیا ۔

متعلقہ عنوان :