جہلم،شہری اور متعلقہ حکام کی مشترکہ کاوشوں سے ہی ڈینگی کا مقابلہ کیا جا سکتاہے، ڈی سی او

جمعہ 25 مارچ 2016 16:16

جہلم ۔ 25 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مارچ۔2016ء) ڈی سی او جہلم اقبال حسین خان نے کہاہے کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے ڈینگی لاروا کی افزائش کے خطرات بڑھ گئے ہیں لہذا تمام شہری اور متعلقہ حکام الرٹ ہو جائیں اور ڈینگی لاروا کی ممکنہ افزائش کی جگہوں کو تلف کریں، شہری اپنے گھروں کے اندر اور گھروں کے باہر کسی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈینگی ہمارا مشترکہ دشمن ہے اور صرف مشترکہ کاوشوں ہی سے ڈینگی کا مقابلہ کیا جا سکتاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال میں انسداد ڈینگی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر آصف علی خان، ای ڈی او ایجوکیشن انور فاروق، ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ مشتاق رانجھا ، ر ہنما مسلم لیگ (ن) چوہدری بوٹا جاوید اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او اقبال حسین خان نے کہاکہ شہری اپنے گھروں میں موجود گملوں، گھرو ں کی چھتوں پر موجود کاٹھ کباڑ، فرج کے ٹرے، اور پانی کی ٹینکیوں کو ڈھانپ کر رکھیں اور کسی بھی جگہ بارش کا پانی نہ اکھٹا ہو نے دیں ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کا عملہ انڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کو تیز کرے، اینرائڈ فون سے مانیٹرنگ کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ٹی ایم ایز صفائی کو یقینی بنانے کیلئے جامع حکمت عملی کے ساتھ کام کریں، اگر کہیں بارش کا پانی کھڑا ہو تو فوری طور پر پمپوں سے نکالیں اور شہریوں کیلئے ڈینگی کے متعلق آگاہی کیلئے بینرز آویزاں کئے جائیں اور پمفلٹ بھی تقسیم کئے جائیں۔

ای ڈی ا وہیلتھ ڈاکٹر آصف علی خان نے کہاکہ ضلع جہلم ڈینگی فری ہے اور جہلم کا کوئی شہری ڈینگی کا شکا رنہیں ہوا مگر راولپنڈی ڈویژن میں ڈینگی کے کیس سامنے آجانے کے بعد جہلم پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سائنسی بنیادوں پر انسداد ڈینگی مہم کی نگرانی کی جارہی ہے تاکہ مہم کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بنایا جا سکے۔