شاپنگ بیگز کا استعمال بچوں کی قبل از وقت پیدائش کی وجہ ہے، سائنسدانوں کی تحقیق

شاپنگ بیگز میں ایک ایسا خطرناک کیمیکل پایا جاتا ہے جو خواتین میں ایک بیماری پیدا کرتا ہے جس سے ان کے ہاں قبل از وقت بچے پیدا ہونے لگتے ہیں،ماہرین

منگل 29 مارچ 2016 13:05

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 مارچ۔2016ء) دنیا بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگز کے خلاف باقاعدہ مہم چلائی جارہی ہے کئی ممالک میں تو پلاسٹک بیگز پر ہی پابندی عائد ہے لیکن ہمارے ہاں ان بیگز کا استعمال اس قدر بے دریغ کیا جاتا ہے کہ کھانا بھی ان ہی مضر صحت بیگز ہی میں دیا جاتا ہے لیکن اب سائنس دانوں نے اپنی نئی تحقیق میں ان شاپنگ بیگز کے ایسے نقصانات سے آگاہ کر دیا ہے کہ آئندہ آپ ان کے استعمال سے تائب ہو جائیں گے۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی ٹیکساس کے سائنسدانوں نے پلاسٹک کے بیگز کے انسانی صحت پر اثرات کے حوالے سے تحقیق کی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ پلاسٹک کے شاپنگ بیگز میں ایک ایسا خطرناک کیمیکل پایا جاتا ہے جو خواتین میں ایک بیماری پیدا کرتا ہے جس سے ان کے ہاں قبل از وقت بچے پیدا ہونے لگتے ہیں، اور قبل از وقت پیدائش بچوں کی اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین کا کہنا ہے کہ حاملہ خواتین پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کا جتنا زیادہ استعمال کرتی ہیں ان کے ہاں بچے کے قبل از وقت پیدا ہونے کے امکانات بھی اتنے ہی زیادہ ہو جاتے ہیں۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ اس وقت امریکا میں پیدا ہونے والے ہر 10میں سے ایک بچہ قبل از وقت پیدا ہو رہا ہے۔برطانیہ میں قبل از وقت پیدائش ہونے کی وجہ سے بچوں کی شرح اموات 7فیصد تک ہو چکی ہے۔