بھارت میں 54 سالہ مریض میں مشینی دل کی کامیاب پیوند کاری

ہفتہ 12 اپریل 2008 17:36

بنگلور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین12اپریل 2008 ) بھارتی ڈاکٹروں نے 54 سالہ مریض میں مشینی دل کی کامیاب پیوند کاری کی ہے اور ان کا دعویٰ ہے کہ کسی انسان میں مشینی دل نصب کرنے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ بھارتی شہر بنگلور کے نریانہ ردایا لایاما ہسپتال کے ڈاکٹروں نے یہ آپریشن امریکی ڈاکٹروں کی زیر نگرانی چار گھنٹے میں مکمل کیا۔ ہسپتال کے چیئرمین ڈاکٹر دیوی شیش کے مطابق 2.4 انچ قطر کا 298 گرام وزنی مشینی دل اصل دل سے ذرا نیچے لگایا گیا ہے اور اس کو جسم سے باہر نصب ایک بیٹری کی مدد سے چلایا جائے گا جس کو ہر چار گھنٹے بعد چارج کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین کے مطابق مشینی دل ایک منٹ میں دس لٹر خون پمپ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو قدرتی دل سے دو گنا زیادہ ہے اور امریکہ اور یورپ میں گزشتہ آٹھ سال کے دوران 220 افراد کو یہ دل لگائے جاچکے ہیں۔ 54 سالہ مریض وینکٹ کرشنیا کا کہنا ہے کہ 2003ء میں دل کا شدید دورہ پڑنے کے بعد اسے بائی پاس آپریشن کرانا پڑا تاہم آپریشن کے بعد وہ مسلسل چھ قدم بھی نہیں چل سکتا تھا اور اس وجہ سے اسے اپنی ملازمت بھی چھوڑنا پڑی۔ وینکٹ جس کا حالیہ آپریشن بیس مارچ کو ہوا تھا نے کہا کہ اب نہ صرف یہ کہ وہ چل سکتا ہے بلکہ سیڑھیاں بھی چڑھ سکتا ہے اور دوبارہ ملازمت شروع کرنے کے بارے میں سوچ رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :