نشتر ٹاؤن انتظامیہ کے زیراہتمام ڈینگی ڈے کے حوالے سے خصوصی واک اور آگاہی کیمپ کا انعقاد کیاگیا

خصوصی واک اور ڈینگی آگاہی کیمپ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی

بدھ 6 اپریل 2016 13:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) نشتر ٹاؤن انتظامیہ کے زیراہتمام ڈینگی ڈے کے حوالے سے خصوصی واک اور آگاہی کیمپ کا انعقاد کیاگیا۔لاہو ر نشتر ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی کی روک تھام اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کے حوالے سے خصوصی واک اور ڈینگی آگاہی کیمپ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

واک کی قیادت ٹاؤن انتظامیہ کے افسران اور ڈی ڈی ہیلتھ ڈاکٹر خالد اقبال نے کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ڈینگی کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اور دیگر معلومات درج تھیں۔ واک کے شرکاء شنگھائی چوک سے ہوتے ہوئے کچاجیل روڈ تک پہنچے۔ واک کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے انتظامیہ کاکہنا تھا کہ ڈینگی ایک وبائی مرض ہے اور پنجاب حکومت اسے ختم کرنے کیلئے پوری حد تک کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت ہسپتالوں میں متاثرہ مریضوں کو طبی امداد اور دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ ڈینگی سرویلنس مہم بھی جاری رکھے ہوئے ہے جس سے ڈینگی بخار کو پھیلنے سے روکنے میں بہت مدد مل رہی ہے۔ ڈینگی کی روک تھام کیلئے علاقہ میں مچھر مار سپرے بھی کیاجا رہا ہے تاہم ڈینگی کی روک تھام کا موٴثر علاج احتیاطی تدابیر ، گھر ، محلے اور علاقے کو صاف رکھنا اور صاف پانی کھڑا نہ ہونے میں مضمر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ عوام میں آگاہی اور شعور کو اجاگر کرکے ہی ڈینگی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔اس ڈینگی واک اور کیمپ کا مقصد بھی یہی تھا کہ عوام ڈینگی کی روک تھام کیلئے آگے آئیں اور اس سلسلے میں اپنا کرداراداکریں۔ واک کے اختتام پر شرکاء میں ڈینگی بخار سے بچاؤ کیلئے پمفلٹس اور کتابچے بھی تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :