ڈینگی کی آگاہی کیلئے محکمہ تحفظ ماحول حکومت پنجاب کی لبرٹی چوک سے حفیظ سینٹر گلبرگ تک واک

بدھ 6 اپریل 2016 13:52

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) وزیر ماحولیات پنجاب مسز ذکیہ شاہنواز کی سربراہی میں ڈینگی آگاہی مہم کے سلسلہ میں محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کے زیر اہتمام واک کا اہتمام کیا گیاجس میں خواجہ عمران نذیر پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت، ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحول پنجاب ڈاکٹر جاوید اقبال، ڈائریکٹر توقیر قریشی،ڈائریکٹر نسیم الرحمن و دیگر محکموں کے افسران و اہلکار، این جی اوز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر مسز ذکیہ شاہنوا ز وزیرتحفظ ماحول پنجاب نے ڈینگی لاروا کے جنگی بنیادوں پر خاتمہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری اپنے گھروں ، سرکاری اداروں ،فیکٹریوں ، گوداموں میں کوئی ایسا ذریعہ نہ چھوڑیں جہاں پانی جمع ہونے کا اندیشہ ہو ۔

(جاری ہے)

جہاں کہیں بھی پانی جمع ہو فوری طور پر اسے خشک کیا جائے تاکہ ڈینگی لاروا کے پنپنے کے مقامات کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے تحت بروقت ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں جس کے باعث ڈینگی لاروا کے افزائش کے مقامات کا بروقت پتہ چلاکرانہیں مکمل طور پر تلف کیا جاسکے۔اسی سلسلہ میں لوگوں میں آگاہی کیلئے واک کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ تمام شہری بھی ڈینگی کے خاتمہ کے سلسلہ میں اپنی اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے پوری کریں اور ڈینگی کی موثر طریقہ سے روک تھام ممکن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :