مشیر صحت کی زیرقیادت ڈینگی آگاہی واک،تمام سرکاری محکمے پوری طرح الرٹ ہیں ‘خواجہ سلمان رفیق

بدھ 6 اپریل 2016 16:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ڈینگی بیماری کے ساتھ ایک سماجی مسئلہ بھی ہے جس پر قابو پانے کیلئے پورے معاشرے کو مستعدی کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،تمام متعلقہ سرکاری محکمے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق ڈینگی کنٹرول کیلئے پوری طرح مستعد ہیں اور انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں بھرپور طریقہ سے جاری ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ لوگ اپنے گھروں کے اندر ڈینگی مچھر کی افزائش کے تمام ہاٹ سپاٹس کو ختم کرنے کیلئے گھروں کے اندر صفائی کا خیال رکھیں۔

انہوں نے یہ بات یوم انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کے آفس سے نکلنے والی ڈینگی آگاہی واک کی قیادت کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت سمیت تمام سرکاری محکمے اور سرکاری افسران ڈینگی کی روک تھام کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ گذشتہ سال بھی صرف راولپنڈی میں ڈینگی کا آؤٹ بریک ہوا تھا یا ملتان میں ڈینگی کے کیسز زیادہ آئے تھے تاہم مزید محنت اور موٴثر اقدامات کی بدولت امید ہے کہ 2016ء کا ڈینگی سیزن میں صورتحال کنٹرول میں رہے گی جس کیلئے تمام محکمے SOPsکے مطابق کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ صوبے کے تمام حساس اضلاع میں انڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس جاری ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ رواں سال ڈینگی کے تین کنفرم مریض سعودی عرب اور ملائیشیا سے رپورٹ ہوئے جبکہ ایک ایک مریض راولپنڈی اور اٹک سے رپورٹ ہوا اور ایک مریض حب بلوچستان کا ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں زیر علاج ہے اور تمام مریض روبہ صحت ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں کی چھتوں اور دیگر جگہوں پر جمع شدہ کاٹھ کباڑ، پرانے ٹائر اور دیگر اشیاء تلف کردیں تاکہ ان میں پانی جمع ہوکر ڈینگی کی افزائش کا سبب نہ بنے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سرکاری ادارے اور عوام مل کر ہی اس مسئلہ پر قابو پاسکتے ہیں۔ آگاہی واک میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید، ڈائریکٹر جنرل نرسنگ، ای ڈی او ہیلتھ لاہور، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول کے علاوہ محکمہ صحت کے اہلکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :