فتح جنگ میں ڈینگی سے آگاہی کیلئے واک

بدھ 6 اپریل 2016 16:53

فتح جنگ۔ 6 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء) تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام ڈینگی کے خاتمہ کیلئے واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر ملک منور لنگڑیال،ٹی ایم او خان بادشاہ نے کی۔جس میں سول سوسائٹی ،سکولوں کے بچوں اساتذہ اور سیاسی سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ واک گورنمنٹ ہائی سکول سے شروع ہوکرٹی ایم اے آفس میں اختتام پذیر ہوئی۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ڈاکٹر سہیل اعوان نے کہا کہ ڈٰینگی بخارسے گھبرانے کی نہیں احتیاط کی ضرورت ہے اور ڈینگی بخار کی علامات میں تیز بخار ،فلو،سر درد،جسم سرخ دھبے جسم اور جوڑوں میں درد اور منہ سے خون آنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر کسی بھی سرکاری ہسپتال یا ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے تاکہ بروقت اس کا علاج ہو سکے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ڈینگی کوئی لا علاج مرض نہیں ہے تاہم احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس سے بچا جا سکتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ اپنے گھر ،دکان، دفتر اور کمروں کی ہفتہ میں دو، تین دن صفائی ضرور ی ہے، صاف پانی کے برتنوں کو ڈھانپ کر رکھنا ،مچھروں سے بچاؤ کیلئے میٹ ،کوائل، لوشن یا مچھر دانی کا استعمال کیا جائے، گھروں کے اندر گملوں اور پرانے ٹائروں میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔ انھوں نے کہاکہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مراکز قائم ہیں جہاں مفت علاج اور تشخیص کی جاتی ہے ۔