فرنٹیئر فاؤنڈیشن نے مارچ میں تھیلی سیمیا ‘ہیموفیلیا اور دیگر امراض خون میں مبتلا بچوں کو 1458بیگز خون واجزائے خون فراہم کیے

جمعرات 7 اپریل 2016 12:54

پشاور ۔ 07 اپریل ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 اپریل۔2016ء ) فرنٹیئر فاؤنڈیشن نے مارچ میں تھیلی سیمیا ‘ہیموفیلیا اور دیگر امراض خون میں مبتلا بچوں کو 1458بیگز خون واجزائے خون فراہم کیے۔اب تک جمع کئے گئے 166656بیگز عطیات خون میں سے 160521بیگز خون واجزائے خون رجسٹرڈ مریضوں‘ 29797بیگز خون واجزائے خون سرکاری‘ نجی ہسپتالوں ودیگر طبی فلاحی اداروں کو فراہم کئے گئے جن کی مجموعی تعداد 191318ہے‘ یہ اعداد وشمار فرنٹیئر فاؤنڈیشن کی بلڈ کولیکشن ٹیموں اور فیلڈ ورکرز کی کارکردگی کے حوالے سے ادارہ کے چیئرمین صاحبزادہ محمدحلیم کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس کے بعد جاری کئے گئے‘ اجلاس میں بلڈ کولیکشن ٹیموں کی کارکردگی‘تھیلی سیمیااور ہیموفیلیامیں مبتلا بچوں کو انتقال خون کی فراہم کی جانے والی سہولیات کاجائزہ لیاگیااور عطیات خون کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی جس پر اطمینان کا اظہار کیاگیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فرنٹیئر فاؤنڈیشن پشاور کے ایڈمنسٹریٹرڈاکٹر فخرزمان نے بتایاکہ فرنٹیئر فاؤنڈیشن پشاور‘ کوہاٹ اور سوات برانچ میں 3000سے زائد رجسٹرڈ مریضوں کو انتقال خون کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ علاوہ ازیں دیگر سرکاری نجی ہسپتالوں اور فلاحی طبی اداروں کی ضروریات پوری کرنے میں بھی ادارہ اہم کرداراداکررہاہے۔