ملتان میں تاجروں اور مزدور طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کا بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے، میپکو کے اہلکاروں کا اپنے چیف ایگزیکٹو کی معطلی کے خلاف مظاہرہ،بحالی کا مطالبہ

منگل 15 اپریل 2008 15:49

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اپریل۔2008ء) ملتان میں منگل کو بھی تاجروں اور مزدور طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے-جبکہ میپکو کے اہلکاروں نے اپنے چیف ایگزیکٹو کی معطلی کے خلاف مظاہرہ کیا-تاجروں کا ایک احتجاجی جلوس ابدالی روڈ سے گھنٹہ گھر تک نکالا گیا جو واپس آ کر چوک فوارہ پر اختتام پذیر ہوا شرکا نے کتبے اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر لوڈ شیڈنگ ختم کرو کے نعرے درج تھے- یہ لوگ واپڈا اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کررہے تھے-چوک گھنٹہ گھر اور چوک فوارہ میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنماؤں نے 15 سے 18 گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کاروبار تباہ ہو چکا ہے اور دیہاڑی دار طبقہ فاقہ کشی کا شکار ہو چکا ہے-انہوں نے کہا کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو عوام موجودہ حکومت کے خلاف بھی سڑکوں پر نکل آئیں گے انہوں نے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا کہ وہ ملتان سے تعلق کی لاج رکھیں اور یہاں منصوبہ بندی کے تحت کم از کم لوڈ شیڈنگ کی جائے جس کا باقاعدہ اعلان ہونا چاہئے انہوں نے کہا کہ تاجر طبقہ نے ہمیشہ معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور وہ اب بھی حکومت سے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں لیکن یہ تعاون اسی صورت ہو سکتا ہے جب بات چیت کے ذریعے تمام مسائل حل کئے جائیں-تاجروں کے جلوس کے دوران ابدالی روڈ پر ٹریفک معطل رہی اور انتظامیہ نے سخت حفاظتی انتظامات کررکھے تھے-ایک اور مظاہرہ منظور آباد چوک میں بھی کیا گیا جس میں پاور لومز اور دیگر کاروبار سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور واپڈا کے خلاف نعرہ بازی کی گئی-دوسری جانب ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے ملازمین نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا اس موقع پر بڑی تعداد میں پولیس نفری بھی موجود تھی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ملازمین اور یونین رہنماؤں نے میپکو کی چیف ایگزیکٹو کی معطلی پر شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر بحال کیا جائے اور گزشتہ روز نقصان پہنچانے والے عناصر کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے-