اینٹی ڈینگی ٹیمیں سکولوں، گھروں اور پبلک مقامات کی سرویلنس باقاعدگی سے جاری رکھیں‘اے سی کینٹ سارہ حیات

اینٹی ڈینگی ریگولیشنز پرعملدرآمد نہ کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے‘ڈاکٹرآصف اقبال

بدھ 13 اپریل 2016 13:44

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اپریل۔2016ء) اسسٹنٹ کمشنر کینٹ سارہ حیات نے کہا ہے کہ حالیہ غیر موسمی بارشوں کی وجہ سے ڈینگی لاروا کی افزائش کے امکانات بڑھ گئے ہیں جس کی وجہ سے ہمیں مزیدالرٹ رہنے کی ضرورت ہے چنانچہ اینٹی ڈینگی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پرسکولوں، گھروں اور پبلک مقامات کی سرویلنس کے علاوہ لوگوں میں ڈینگی کے خلاف شعور اجاگرکرنے کے لئے آگاہی سیمینار منعقد کریں-متعلقہ محکمے ڈینگی کی روک تھام کیلئے زیادہ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں کیونکہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف باقاعدگی سے انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں،اینٹی ڈینگی ریگولیشنز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

انہوں نے یہ بات ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کنٹونمنٹ بورڈز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ کینٹ ڈاکٹر آصف اقبال،سینئر انٹامالوجسٹ سعید الرحمن ،ایڈیشنل کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر حیدر شجاع، کینٹ کے مختلف کالجز و تعلیمی اداروں کے سربراہان ، ڈی ایچ اے، محکمہ صحت ، تعلیم ، فشریز، کوآپریٹو و دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

اے سی کینٹ نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ لوگوں کو ڈینگی کی وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے طے کردہ ایس او پیز کے تحت مربوط کوششوں اور رابطے کے ذریعے یکساں لائحہ عمل اپنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی سنٹرز، سکولوں،کالجوں اور ہسپتالوں میں ڈینگی کے حوالے سے آگاہی سیمینار میں طلبا وطالبات، والدین، عوامی نمائندوں اور شہریوں کی کثیر تعداد میں شرکت یقینی بنائی جائے تاکہ انہیں ڈینگی کے خطرات اور بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کیا جاسکے ۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر آصف اقبال نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈزمیں قائم ریسٹورانٹس، ٹائر شاپس، کمیونٹی سنٹر، ورکشاپوں اور دیگر پبلک مقامات پر اینٹی ڈینگی ریگولیشنز پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والے افراد کو نوٹسز جاری کئے جائیں جبکہ مقررہ مدت کے بعد بھی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :