ہر سال نمونیا سے 15 لاکھ افراد جاں بحق ہو رہے ہیں‘ڈاکٹر نعیم خان

بدھ 13 اپریل 2016 17:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اپریل۔2016ء)پنجاب یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نعیم خان نے کہا ہے کہ ہر سال صرف ایک متعدی مرض نمونیا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 1.5 ملین ہے جو کہ بچوں اور بڑی عمر کے لوگوں میں ذیادہ تر پایاجاتا ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف بائیو کیمسٹری اور بائیو ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام متعد ی امراض اور ان کی روک تھام کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ بین الاقوامی سمپوزیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں انچارج آئی بی بی ڈاکٹر مہ جبین سلیم، کینیڈا سے ڈاکٹر سپینٹا کاکالیا، سینئر فیکلٹی ممبران اور متعدد اداروں سے محققین اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نعیم خان نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے سنٹر آف ایکسیلینس ان مالیکولر بیالوجی نے ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کے لئے فارماسوٹیکل پروٹین جین کلوننگ کے طریقے سے لیبارٹری سکیل انٹر فیرون ویکسین تیار کر لی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سمپوزیم کے ذریعے سے متعدی امراض بشمول پولیو، نمونیا، زرد بخار، خسرہ، گردن توڑ بخاروغیرہ کی روک تھام کے لئے عوام میں شعور اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سپینٹا کاکا لیا، پیڈاٹریشن و نیوناٹالوجسٹ ڈاکٹر سجاد رفیق، ڈاکٹر فرحانہ مظفر، چئیرمین شعبہ زوالوجی پروفیسر ڈاکٹر جاویداقبال قاضی نے سمپوزیم میں تحقیقی مقالہ جات پڑھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر سمرا، ڈاکٹر ندیم شیخ، ڈاکٹر محمد خورشید، ڈاکٹر ظفر اقبال اور دیگر محققین نے بھی شرکت کی۔