بش مشرف ملاقات سے پاک امریکہ سٹریٹیجک تعلقات مزید مستحکم ہونگے‘ شوکت عزیز

صدر مملکت اور ان کے امریکی ہم منصب کے درمیان ملاقات مفید رہی‘ معاشرے کے تمام طبقوں کے لوگ ماہ رمضان کا تقدس برقرار رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں‘ وزیر اعظم کی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کے دوران گفتگو

ہفتہ 23 ستمبر 2006 18:15

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23ستمبر2006 ) وزیر اعظم شوکت عزیز نے صدر جنرل پرویز مشرف کی امریکی صدر جارج واکر بش کے ساتھ ملاقات کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان سٹریٹیجک تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ ہفتے کے روز یہاں اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کے دران انہوں نے کہا کہ صدر مشرف اور امریکی صدر جارج واکر بش کی ملاقات انتہائی مفید رہی ہے اس سے دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹیجک تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں لیڈروں کی ملاقات سے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر پاکستان کے نقطہ نظر کے بارے میں بہتر مفاہمت پیدا ہوئی ہے ۔ وزیر اعظم شوکت عزیز نے سرکاری ملازمین اور عوام سمیت معاشرے کے تمام طبقوں پر زور دیا کہ وہ رمضان المبارک کا تقدس برقرار رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریاں پوری کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے اور روزہ برائیوں کے خلاف ڈھال ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صبر و تحمل ‘ ایثار ‘ قربانی اور درد مندی کے ذریعے سماجی اور فلاحی بہبود و مساوات ‘ انصاف اور رواداری پر مبنی معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ رمضان المبار ک کے دوران لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا اور مصنوعی مہنگائی پر سختی سے قابو پایا جائے گا۔

صوبائی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں اور پرائس مجسٹریسی نظام کے ذریعے قیمتوں کی نگرانی کا میکانزم مکمل طور پر فعال بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے رمضان المبارک پیکج کے علاوہ صوبائی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بھی اس طرح کی سکمیں شروع کریں۔