سرطان سے بچاؤ ٗبروقت تشخیص اور علاج کیلئے مسلم دنیاکو مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے ٗ محمود ہ ممنون حسین

حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کیا جائے تو مرض سے بہت حد تک بچا جا سکتا ہے ٗخواتین کو تشخیص سے نہیں گھبرانا چاہیے ٗآگاہی مہمات بھی چلانی چاہئیں ٗ خاتون اول کا خطاب

جمعہ 15 اپریل 2016 17:19

استنبول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء) خاتون اوّل محمودہ ممنون حسین نے کہا ہے کہ سرطان سے بچاؤ ٗبروقت تشخیص اور علاج کیلئے مسلم دنیاکو مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے ٗحفظان صحت کے اصولوں پر عمل کیا جائے تو مرض سے بہت حد تک بچا جا سکتا ہے ٗخواتین کو تشخیص سے نہیں گھبرانا چاہیے ٗآگاہی مہمات بھی چلانی چاہئیں ۔

جمعہ کو 13ویں اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر خواتین اول کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرطان سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور علاج کیلئے مسلم دنیاکو او آئی سی کے زیر اہتمام مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں سیمینارز اور ورک شاپس کا انعقاد کیا جانا چاہیے اور زرائع ابلاغ سے بھی مدد لینی چاہیے۔

(جاری ہے)

خاتون اوّل محترمہ محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ دنیا بھر میں سرطان سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے انہوں نے کہا زیادہ تر ہلاکتیں غریب اور متوسط آمدنی والے ملکوں میں ہوتی ہیں۔

پاکستان بھی ایک ترقی پزیر ملک ہونے کے ناطے اس مرض میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کیا جائے تو اس مرض سے بہت حد تک بچا جا سکتا ہے۔خاتون اوّل محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ چالیس برس سے زائد خواتین میں سرطان کے مرض میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جونسل انسانی کے لیے چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو تشخیص سے نہیں گھبرانا چاہیے اس سلسلے میں آگاہی مہمات بھی چلانی چاہئیں۔

خاتون اوّل محترمہ محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ حکومت پاکستان سرطان پر قابو پانے کیلئے بہت سے اقدامات کر رہی ہے۔ اس مرض کے علاج کیلئے بڑے ہسپتالوں میں کینسر کے شعبہ جات موجود ہیں اس کے علاوہ ریڈیو تھراپی کی سہولت میسر کرنے کیلئے ایٹمی انرجی سینٹرز ہسپتالوں کے ساتھ منسلک کر دئیے گئے ہیں ٗ حکومت پاکستان نے جامع منصوبہ بندی تشکیل دینے کیلئے مریضوں کا ڈیٹا اکھٹا کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ اس مرض سے مؤ ثر طور پرنمٹا جا سکے ٗ اس کے علاوہ تمباکو نوشی کی حوصلہ شکنی کے لیے قانون سازی بھی کی گئی ہے ،محمودہ حسین نے کہا کہ اگر ہم یک جان ہو کر کام کریں تو کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔

متعلقہ عنوان :