کراچی،عطیہ اعضا بعد ازمرگ کے شعورو آگہی کے حوالے سے ایک ہفتے پر محیط مہم شروع ہوگئی

ہفتہ 16 اپریل 2016 16:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء)سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن(ایس آئی یوٹی)میں عطیہ اعضا بعد ازمرگ کے شعورو آگہی کے حوالے سے ایک ہفتے پر محیط مہم شروع ہوگئی ۔مہم کے دوران مختلف سیمینارز منعقد کیے جائیں گے اور ایس آئی یو ٹی کی ٹیم تعلیمی و طبی اداروں میں طلبا و عملہ سے مل کر اعضا عطیہ کرنے کی اہمیت پر روشی ڈالیں گے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پہلا سیمینار ہفتہ کو ایس آئی یو ٹی ، ٹرانسپلانٹ سوسائٹی آف پاکستان اور ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی سندھ کے اشتراک سے ایس آئی یو ٹی میں منعقد ہوا۔سیمینار کی صدارت وزیر صحت سندھ جام مہتاب حسین ڈہرنے کی جبکہ مفتی منیب الرحمان نے اسلام اور اعضا کی پیوندکاری پر اپنا کلیدی مقالا پیش کیا۔ سیمینار میں ٹرانسپلانٹ سرجن، طبی ماہرین، علما کرام، ماہرین قانون ، ماہرین تعلیم اور سماجی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں عطیہ اعضا بعد ازمرگ کو انسانی جذبہ ہمدردی کے طور پر جانا جاتا ہے اور اس سے ان لاکھوں افراد کی زندگیا ں بچانے میں مدد ملتی ہے جو اعضا کے ناکارہ ہونے کے باعث زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہوتے ہیں۔