وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے میگا پراجیکٹس کے علاوہ بجلی ،گیس ،صحت اورتعلیم کی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے،وزیراعظم شوکت عزیز

ہفتہ 23 ستمبر 2006 21:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2006ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے میگا پراجیکٹس شروع کرنے کے ساتھ ساتھ انتہائی نچلی سطح تک بجلی ،سڑکوں ،پینے کے صاف پانی ،قدرتی گیس ،صحت اورتعلیم کی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے یہ بات انہوں نے بلوچستان کے بپلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر مولانا عبدالباری سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے ہفتہ کی سہہ پہر وزیر ہاؤس میں ملاقات کی وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اقتصادی شعبے میں حاصل ہونے والی بلند شرح نمو کے فوائد عوام تک منتقل کرنے کا پختہ عزم کئے ہوئے ہے انہوں نے کہا کہ حکومت صوبہ بلوچستان کی ترقی کیلئے اربوں روپے خرچ کررہی ہے اور اس مقصد کیلئے مزید فنڈز بھی مہیا کئے جائیں گے شوکت عزیز نے کہا کہ بلوچستان ایک اہم صوبہ ہے اور تمام جماعتوں کی اس کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کررہی ہے اور مقامی افراد کیلئے روزگار کے تیس ہزار نئے مواقع پیدا کئے گئے ہیں جن میں سے بیشترآسامیوں پر بلوچستان کے شہریوں کو بھرتی کیا جاچکا ہے وزیر اعظم نے کہا کہ زراعت، ماہی گیری ، لائیو سٹاک،سیاحت ،تیل وگیس اور معدنیات کے شعبوں میں دستیاب مواقع سے استفادہ کیلئے منظم انداز میں کوششیں کی جارہی ہیں مولانا عبدالباری نے بتایا کہ بلوچستان کے عوام اپنا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے کی جانے والی کوششوں اور ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر صدرپرویز مشرف اور وزیراعظم شوکت عزیز کے شکر گزار ہیں انہوں نے پشین کے علاقہ ترقیاتی فنڈز کی فراہمی پر وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔