صدر مشرف کا ٹیکساس میں میڈیکل چیک اپ،صدر پرویزمشرف مکمل طورپر صحت مند ہیں،محمد علی درانی

اتوار 24 ستمبر 2006 13:08

ہوسٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2006ء) صدر جنرل پرویزمشرف کا ٹیکساس کے قصبے پیرس کے ایک ہسپتال میں میڈیکل چیک اپ کیاگیا صدر جنرل پرویزمشرف نے مشرقی ٹیکساس کے قصبے پیرس کا غیر اعلانیہ دورہ کیا جہاں کے ہسپتال میں انہوں نے اپنا میڈیکل چیک اپ بھی کرایا ہے امریکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر جنرل پرویزمشرف غیر اعلانیہ طورپر مشرقی ٹیکساس کے قصبے پیرس پہنچنے اور وہاں پیرس میڈیکل سینٹر میں اپنے ڈاکٹر سے ملے پیرس ریجنل میڈیکل سینٹر سے جاری بیان کے مطابق صدر جنرل پرویزمشرف کی صحت بہترین ہے تاہم سینٹر نے بیان میں صدر کے ڈاکٹر کا نام ظاہر نہیں کیا امریکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر جنرل پرویزمشرف نے میڈیکل سینٹر سے نکلنے کے بعد ظہرانے میں شرکت کی اور مقامی اخبارکو مختصر انٹرویومیں انہوں نے امریکی صدر بش سے اپنی ملاقات کو انتہائی مثبت قراردیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات محمدعلی درانی نے کہاہے کہ صدر جنرل پرویزمشرف مکمل طورپر صحت مند ہیں اور ان کی ہارٹ سرجری کے متعلق پھیلنے والی افواہ میں کوئی صداقت نہیں وفاقی وزیرمحمد علی درانی نے امریکہ میں صحافیوں کو بتایاکہ بعض غیر ملکی چینلزپر یہ افواہ گردش کرتی رہی کہ صدر پرویزمشرف امریکہ میں اپنی ہارٹ سرجری کرارہے ہیں انہوں نے کہاکہ اس افواہ میں کوئی صداقت نہیں صدرمشرف مکمل صحت مند ہیں اور وہ اپنی کتاب کی رہنمائی سمیت تمام تقریبات میں شرکت کریں گے۔