ہڈیاں کو مضبوط بنانا ہے تو باقاعدگی سے دوڑ کو اپنا معمول بنا لیں ‘ ماہرین

جمعرات 21 اپریل 2016 15:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ اپنی ہڈیاں مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو باقاعدگی سے دوڑ کو اپنا معمول بنانا ہوگا۔ماہرین کے مطابق دوڑنے اور اس سے وابستہ تربیت سے ہڈیوں کا اسٹفنیس انڈیکس بہتر ہوتا ہے جو ہڈیوں کی مضبوطی اور اس کو جاننے کا سب سے اہم پیمانہ ہے۔ اسی طرح عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ ہڈیاں نرم ہوتی جاتی ہیں اور انہیں مضبوط رکھنے کے لئے باقاعدہ دوڑ بہت ضروری ہے۔

اگرچہ عمر، جنس، غذا اور دیگرعوامل کا اثر بھی ہڈیوں پر ہوتا ہے لیکن دوڑنے سے ہڈیوں اور ڈھانچے کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ تحقیق میں اسپین کی کیمیلو ہوزے سیلا یونیورسٹی نے 10کلومیٹر سے لے کر طویل میراتھن میں دوڑنے والے افراد کی ایڑھی سمیت پاں کی ہڈی کی مضبوطی کا جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

مطالعے کے لئے 122میراتھن، 81نصف میراتھن اور 10کلومیٹر دوڑنے والے افراد کو شامل کیا گیا اور اسی عمر کے عام افراد کو بھی نوٹ کیا گیا ۔

تحقیق کے نتائج سے ظاہر ہوا کہ جتنا آپ دوڑتے ہیں ہڈیاں اتنی ہی مضبوط ہوتی جاتی ہیں۔ ماہرین نے یہ انکشاف بھی کیا کہ دوڑنے سے ہڈیوں کی ساخت پر بھی نمایاں اثر پڑتا ہے ، باقاعدگی سے دوڑنے والے افراد میں بوڑھا ہونے پر ہڈیوں کا بھربھرا پن اور کمزوری کا اثر بھی بہت کم ہوتا ہے۔