فیصل آباد، تھانہ ڈی ٹائپ کے علاقہ میں ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسداد ملاوٹ کی ٹیم نے چھاپہ مار کر جعلی ومضر صحت جوس تیار کرنے والی فیکٹری کو سیل کردیا

جمعرات 21 اپریل 2016 16:08

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 اپریل۔2016ء) تھانہ ڈی ٹائپ کے علاقہ میں ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسداد ملاوٹ کی ٹیم نے چھاپہ مار جعلی ومضر صحت جوس تیار کرنے والی فیکٹری کو سیل کردیا اور سیمپلز حاصل کرکے تجزیہ کے لئے لیبارٹری بھجوادئیے۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سٹی بلاول ابڑو نے چیئرمین ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسداد ملاوٹ / ایم پی اے حاجی خالد سعید کی زیر نگرانی تھانہ ڈی ٹائپ کے علاقے شادی پورہ میں لولی جوس تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا تو وہاں ہزاروں کی تعداد میں چھوٹے اور بڑے مضر صحت اور غیر معیاری لولی جوس کے ٹیرا پیکٹس تیار کئے جارہے تھے جو کہ فیصل آباد سمیت صوبہ کے مختلف علاقوں میں بھی سپلائی کئے جانے تھے ۔

دوران چھاپہ فیکٹری مالک موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔

(جاری ہے)

چھاپہ مار ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے گودام میں ہزاروں کی تعداد میں تیار کئے گئے لولی جوس پیکٹس سمیت فیکٹری کو سیل کر دیا گیا ۔ یاد رہے اس سے قبل بھی اسی نام کی جوس فیکٹری کو مضر صحت اور غیر معیاری جوس تیار کرنے پر سیل کیا گیا تھا ۔چےئرمین ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسداد ملاوٹ/ایم پی اے حاجی خالد سعید نے بتایا کہ شہر کے علاقوں میں بھی جعلی و مضر صحت جوس مافیا گرم عمل ہیں ان کے خلاف بھی قانون کا شکنجہ کس دیا گیا ہے جلد ہی اس دھندے کو مکمل طورپر خاتمہ کر دیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے احکامات پر ملاوٹ مافیا کو کیفر کردار تک پہچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔ پیور فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :