حیدر آباد1500 بچوں کے والدین کا پولیو قطرے پلانے سے انکار

جمعہ 22 اپریل 2016 16:36

حیدر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء)حیدر آباد میں حالیہ سہ روز انسداد پولیو مہم کے دوران پندرہ سو سے زائد والدین نے اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کر دیا ۔ گھروں پر موجود نہ ہونے والے نو ہزار سے زائد بچے پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہ پی سکے ہیں ۔

(جاری ہے)

اٹھارہ اپریل سے بیس اپریل تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے دوران حیدر آباد ضلع میں تین لاکھ دس ہزار پانچ سو ننانوے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جانے تھے جس کے لیے ضلع بھر میں نو سو چوارسی ٹیمیں بنائی گئی تھیں ۔

ان ٹیموں نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے گھر گھر ، ہسپتالوں ، ریلوے سٹیشنوں اور بس سٹاپوں پر پلائے ۔ ذرائع کے مطابق مہم کے دوران نو ہزار سات سو چالیس بچے گھروں پر موجود نہ ہوسکنے کے سبب پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہ پی سکے جبکہ پندرہ سو اٹھارہ والدین نے اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر دیا ہے ۔ محکمہ صحت اور ضلعی افسران والدین سے رابطے کر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے قائل کرنے کی کوششں کر رہے ہیں ۔