ملیریا کنٹرول پروگرام کے تحت بلوچستان میں 660 مائیکرو سکوپ سینٹر اور فوری تشخیص ٹیسٹ سینٹرز قائم کئے گئے ہیں،ایڈیشنل سیکرٹری صحت

پیر 25 اپریل 2016 17:03

کوئٹہ۔ 25اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 اپریل۔2016ء) ایڈیشنل سیکرٹری صحت عبداللہ خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ملیریا کی بیماری سے 21 اضلاع متاثر ہیں ،ملیریا کی روک تھام کے لیے صوبائی ملیریا کنٹرول پروگرام اور گلوبل فنڈ کے تعاون سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو ملیریا کے مرض کے علاج کے لیے ٹریننگ دی جارہی ہے ، ملیریا انفارمیشن سسٹم کو بلوچستان بھر میں متعارف کرایا گیا ہے، ماہانہ بنیادوں پر ملیریا سے متاثر ہ مریضوں کا ریکارڈ لیا جاتا ہے جس کی بنیاد پر مرض کی تشخیص اور ادویات فراہم کی جاتی ہے ۔

پیرکو ملیریا کے عالمی دن کے حوالے سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملیریا کنٹرول پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں تقریباً 660 مائیکرو سکوپ سینٹر اور فوری تشخیص ٹیسٹ سینٹرز قائم کئے گئے ہیں ان سینٹرز کی تشخیص کردہ رپورٹ کی کوالٹی جانچنے کے لیے کوئٹہ میں ملیریا ریفرنس لیبارٹری قائم کی گئی ہے جبکہ ملیریا کنٹرول پروگرام کے ڈونرز کے ساتھ ملکرلوگوں کو ملیریا سے بچاؤ اور دوائی لگی مچھر دانی کے بارے میں آگاہی فراہم کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں عبداللہ خان نے بتایا کہ ملیریا کے کنٹرول پروگرام کے تحت ملیریا کے علاج کے لیے ادویات ،مائیکرو سکوپ مشین ،فوگ مشین اور آرڈی ٹی کٹس بھی فراہم کی جارہی ہے،ملیریا کے عالمی دن کی مناسبت سے صوبائی محکمہ صحت کے زیر اہتمام ملیریا کی مرض کے متعلق شہریوں میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے صوبے بھر میں سمینارز ،واک اور کانفرنسز کا اہتمام کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :