اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے دیہی علاقوں میں ڈینگی مچھرسے آگاہی مہم کا آعاز کر دیا

پیر 25 اپریل 2016 17:04

اسلام آباد ۔ 25 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 اپریل۔2016ء) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دیہی علاقوں میں ڈینگی مچھر کی افزائش کوتلف کرنے اور آگاہی مہم کا پیر سے آعاز کر دیا۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز گھر گھرکے اندر جبکہ سینٹری انسپکٹر،ملیریا انسپکٹر اور ملیریا سپر وائزر گھروں کے باہر ڈینگی کے حوالے سے آگاہی مہم میں مصروف ہیں۔

اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور انچارج ڈینگی سرویلنس سیل ڈاکٹر نجیب درانی نے پیر کو ”اے پی پی“ کو بتایا کہ عوام میں ڈینگی مہم کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ صحت کے نمائندوں سمیت سینٹری انسپکٹر، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور دیگر حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دیہی علاقوں میں ڈینگی مچھر کی افزائش کوتلف کرنے اور عوام کے اندر اگاہی مہم چلانے کے لئے لیڈی ہیلتھ ورکرز گھر گھرکے اندر جبکہ سینٹری انسپکٹر،ملیریا انسپکٹر اور ملیریا سپر وائزر گھروں کے باہر ڈینگی کے حوالے سے آگاہی مہم میں حصہ لیں گے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مچھر کے کاٹنے سے کیسے بچا جاسکے اس حوالے سے عوام میں بھی شعور اجاگر کیا جائے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اب دھوپ کی وجہ سے ٹمپریچر اور ہوا میں نمی کا تناسب بھی بڑھ گیا ہے جو ڈینگی مچھر کی افزائش کے لئے سازگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ڈینگی مچھر کی افزائش کو ختم کرنے کے لئے جہاں پر پانی کھڑا ہے وہاں ٹامی فاس نامی دوائی ڈالی جائے گی۔

مچھر مارسپرے اسلام آباد کے دیہی علاقوں کے کباڑخانوں، قبرستانوں، کچرے کے ڈرموں، نالوں، بلڈنگز، نرسریوں ،خالی گھروں، برف بنانے والی فیکٹریوں، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور دیگر اہم جگہوں پر کرائیں گے تا کہ وہاں پر مچھر کی افزائش کو ختم کیا جا سکے۔ اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو صبح اور شام کے اوقات میں گھروں سے باہر نکلنے کی صورت میں ان کے جسم کے ظاہری حصے پر موسپل لگائیں، پورے بازو والے کپڑے پہنائیں اور ٹانگوں کو ڈھانپ کر رکھیں، گھروں کی کھڑیاں بند رکھیں اور گھروں میں کھڑیاں اوردروازے بند کر کے ہفتہ میں کم از کم دو مرتبہ سپرے کیا کریں۔

متعلقہ عنوان :