ماں و بچے کی صحت کا ہفتہ منانے کے انتظامات مکمل

منگل 26 اپریل 2016 15:10

فیصل آباد۔26اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اپریل۔2016ء ) محکمہ صحت کے زیر اہتمام فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چنیوٹ سمیت صوبہ بھر میں ماں و بچے کی صحت کاہفتہ گزشتہ روز شروع ہو گیا جبکہ ہزاروں لیڈی ہیلتھ سپروائزر ز، ہیلتھ ورکرز ، ایم این سی ایچ پروگرام کی کمیونٹی مڈوائفس ، ویکسی نیٹرز ، ہیلتھ نیوٹریشنز و دیگر اہلکار فرائض کی سرانجام دہی کیلئے فیلڈ میں اتر گئے ہیں جو 2 سے 5سال تک کی عمر کے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے ، پیٹ کے کیڑوں سے بچاؤ کی چوسنے والی گولیوں سمیت حاملہ خواتین کو ٹی ٹی ویکسین کے ٹیکے بھی لگائیں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے بتایاکہ محکمہ صحت حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منانے کے حوالہ سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ 30اپریل تک جاری رہنے والے عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے دوران 6بار حفاظتی ٹیکہ جات کے ذریعے بچوں کو 9بیماریوں ٹی بی ، خناق، پولیو ، کالی کھانسی ، ہیپا ٹائٹس بی،تشنج،گردن توڑ بخار،نمونیہ،خسرہ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جارہے ہیں۔اسی طرح حاملہ خواتین کو بھی تشنج سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین دی جا رہی ہے۔