تمام سرکاری و غیر سرکاری سکولز انسداد ڈینگی بارے جاری کردہ ایس او پی پر عملدرآمد یقینی بنائیں ‘ پارلیمانی سیکرٹری انفرمیشن و کلچر

منگل 26 اپریل 2016 15:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اپریل۔2016ء) پارلیمانی سیکرٹری انفرمیشن و کلچر رانا محمد ارشد تمام سرکاری و غیر سرکاری سکولوں کے دورے کرنے اور حکومت کی طرف سے ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے والے سکول مالکان کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں گے۔

اس امر کا اظہار پارلیمانی سیکرٹری انفرمیشن و کلچر رانا محمد ارشدنے انسدادڈینگی بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے ڈینگی لاروا کی تلاش پر مامور ٹیموں کو زیر تعمیر عمارتوں کو چیک کرنے اور وہاں تعمیر کے لیے جمع کردہ پانی میں ڈینگی لاروا چیک کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے واسا اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام پر زور دیا کہ وہ خالی پلاٹوں میں موجود کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگائیں اور کسی بھی جگہ پانی کھڑا ہونے کی صورت میں اس کی فوری نکاسی کا بندوبست کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ڈینگی کے انسداد کے لیے تشکیل دی گئی ٹیمیں ابتک انڈور جگہوں کو چیک کر چکی ہیں جہاں ڈینگی لاروا پایاگیا فوری تلف کردیا گیا جبکہ آؤٹ ڈور جگہوں کو بھی چیک کیا گیا اور ڈینگی لاروا پائے جانے بھی اسے تلف کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے تمام ٹاؤنوں کی حدود میں موجود مساجد کو بھی چیک کیا جائے اور واٹر کولرز کے پاس موجود کھڑے پانی ختم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ڈینگی سے بچاؤ بارے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کی صورت میں مسجد انتظامیہ کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔