امریکہ میں زیکا وائرس سے متاثرہ پہلے مریض کی موت کی تصدیق

ہفتہ 30 اپریل 2016 16:21

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء)امریکی سرزمین پر زیکا وائرس سے متاثرہ پہلے مریض کی موت کی تصدیق ہوگئی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ میں زیکا وائرس سے متاثرہ پہلے مریض کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ یہ وائرس ایک مخصوص مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے۔امراض کی روک تھام اور بچا کے امریکی محکمے (سی ڈی سی) نے بتایا کہ پورٹو ریکو سے تعلق رکھنے والا شخص جسم میں اندرونی طور پر خون بہنے سے موت کا شکار ہوا۔

(جاری ہے)

70 سال سے زائد عمر کے اس شخص کو یہ بیماری زیکا وائرس میں مبتلا ہونے سے لاحق ہوئی جس میں انسان کا مدافعتی نظام کمزور ہو جاتا ہے۔اس شخص کی شناخت ظاہر کیے بغیر حکام کا کہنا تھا کہ زیکا وائرس کی اولین علامات ظاہر ہونے کے بعد اس شخص کی طبیعت بحال ہوگئی تھی لیکن بعد ازاں یہ پھر سے مرض میں مبتلا ہو گیا۔ایسی ہی نوعیت کی تین اموات کولمبیا میں بھی رپورٹ ہو چکی ہیں۔پورٹو ریکو کو کئی ماہ تک زیکاوائرس کی وبا کا سامنا رہا ہے۔ سی ڈی سی کے مطابق گزشتہ نومبر سے رواں ماہ کے وسط تک زیکا وائرس کے 683 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں 65 حاملہ خواتین بھی شامل ہیں۔ان مریضوں میں سے 17 کو اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت پڑ چکی ہے۔