ہائی بلڈ پریشرمیں ادویات سے بہتر چیری کا جوس پینا ہے

جمعہ 6 مئی 2016 20:08

ہائی بلڈ پریشرمیں ادویات سے بہتر چیری کا جوس پینا ہے

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بلڈ پریشر کے شکار افراد کے لئے کئی گنا بہتر ہے کہ وہ ادویات کے بجائے چیری کا جوس استعمال کریں۔ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں پر تحقیق کی جس میں یہ بات سامنے آئی کہ بلند فشار خون میں ادویات لینے سے بہتر ہے کہ 60ملی لیٹر چیری کا جوس پی لیا جائے، محققین کا کہنا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر کی صورت میں اگر 60ملی لیٹرتک چیری کا جوس پی لیا جائے تو 3گھنٹے میں بلڈ پریشر7فیصد تک کم ہوسکتا ہے اور یہ فالج کے حملے کے خدشے کو روکنے کیلئے 38فیصد اور دل کے امراض کو 23فیصد تک کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

برطانوی یونیورسٹی کی یہ تحقیق امریکہ کے کلینیکل نیوٹریشن جنرل میں شائع ہوئی ہے جس کے مطابق تحقیق کے دوران 15ایسے افراد کا بلڈ پریشر جانچا گیا جنہیں ابتدائی طور پر ہائی بلڈ پریشر کا سامنا تھا تاہم ان میں سے بعض کو چیری کا 60ملی لیٹر جوس پلایا گیا جب کہ دیگر افراد کو پلاسیبو(ایک بے ضرر مادہ جو دوائی کے طور پر دیا جاتا ہے) دیا گیا۔

(جاری ہے)

تحقیق کے دوران اخذ کیا گیا کہ ایسے افراد جنہیں چیری کا جوس پلایا گیا ان کے بلڈ پریشر میں 7فیصد تک کمی واقع ہوئی تاہم دیگر افراد میں بلڈ پریشر میں خاطرخواہ کمی نہ آسکی۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بلند فشار خون (ہائی بلڈ پریشر) سے دل کی دھڑکن بند ہونے کے علاوہ کڈنی کے عارضہ، فالج اور شیزوفرینیا جیسے امراض لاحق ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔