وزیراعظم کا ملتان میں ایک غیر ملکی انجنیئرنگ یونیورسٹی ‘زکریا یونیورسٹی میں میڈیکل کالج بنانے اور یونیورسٹی کو 100پی ایچ ڈی دینے کا اعلان

سیاسی قوتوں کے ساتھ ملکر مسائل حل کریں گے‘غربت کا خاتمہ ہو گا فی ایکڑ پیداوار بڑھائیں گے سب کو صحت اور تعلیم دیں گے۔زکریا یونیورسٹی میں زرعی شعبہ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب

پیر 5 مئی 2008 20:35

ملتان (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین05مئی2008 ) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں ایک غیر ملکی انجنیئرنگ یونیورسٹی کے قیام‘زکریا یونیورسٹی میں میڈیکل کالج بنانے اور یونیورسٹی کو 100پی ایچ ڈی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس خطے کو ترقیافتہ علاقوں کے برابر لانا چاہتی ہے سیاسی قوتوں کے ساتھ ملکر مسائل حل کریں گے-غربت کا خاتمہ ہو گا فی ایکڑ پیداوار بڑھائیں گے سب کو صحت اور تعلیم دیں گے اور پاکستان کو ایک خود کفیل ملک بنائیں گے جس کے لیے دن رات کام شروع کر دیا ہے-وہ پیر کو بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں زرعی شعبہ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کررہے تھے-اس موقع پر یونیورسٹی کے چانسلر گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائر خالد مقبول نے بھی خطاب کیا جبکہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے سپاسنامہ پیش کیا-وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میرے آباؤاجداد نے ہمیشہ ملتان میں تعلیم کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے اس طرح تعلیم کا فروغ میرے خون میں شامل ہے-پاکستان پیپلزپارٹی عوام کو تعلیم کے ذریعے با اختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے اس مقصد کیلئے 1970ء کی دہائی میں پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو نے بھی س یونیورسٹی کے قیام میں اہم کردار ادا کیا تھا-انہوں نے کہا کہ ملک کو آج منفرد چیلنجوں کا سامنا ہے جن میں توانائی کی کمی غربت اور تعلیم کا فروغ شامل ہے ہم اس عزم کو دہراتے ہیں کہ ملک سے غربت کا خاتمہ کریں گے فی ایکڑ پیداوار بڑھائیں گے سب کو صحت اور تعلیم کی سہولتیں فراہم کریں گے-امن و امان قائم ہو گا اور پاکستان کو ایک خود کفیل ملک بنائیں گے اس مقصد کیلئے اتحادی حکومت نے دن رات کام شروع کر دیا ہے-تمام تر اعداد و شمار اکٹھے کئے جا رہے ہیں جن کی روشنی میں منصوبہ بندی ہو گی اور تمام سیاسی قوتیں ملکر مسائل حل کریں گی- انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کی رفتار کے ساتھ چلنے اور اپنی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے تعلیم کا معیار بلند کرنا ہو گا-یونیورسٹیاں ہمیشہ متنوع آئیڈیاز فراہم کرتی ہیں کیونکہ یہاں اطلاعات کا تبادلہ اور دانشوروں کا آپس میں رابطہ رہتا ہے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جمہوریت کیلئے بھی آئیڈیاز کا بہاؤ بہت ضروری ہے اس لیے حکومت نے طلباء یونین بحال کی ہے اس سے مستقبل کی نسل تیار ہو گی اور یونیورسٹی اس مقصد کیلئے انہیں دانشورانہ سپورٹ فراہم کرے گی-انہوں نے کہا کہ ملتان میں دو نئی یونیورسٹیاں قائم کی جا رہی ہیں جن میں ایک خواتین یونیورسٹی بھی شامل ہے-بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کو ان نئی یونیورسٹیوں کی سرپرستی کرنا ہو گی-حکومت اس خطے کو دیگر ترقیافتہ علاقوں کے برابر لانا چاہتی ہے اس ضمن میں بھی اس یونیورسٹی کا بنیادی کردار ہے-وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ہائرایجوکیشن کمیشن کو ہدایت کی جائے گی کہ زکریا یونیورسٹی کو مزید 100پی ایچ ڈی سکالر شپس دی جائیں-اس کیلئے اضافی فنڈز فراہم کئے جائیں گے-بائیو ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کیلئے بھی فنڈز فراہم کریں گے گیلانی لاء کالج کو ترقی دی جائے گی وزیراعظم نے کہا کہ یہ کالج 1971ء میں ان کے والد سید علمدار حسین گیلانی نے قائم کیا تھا جہاں سے تعلیم حاصل کرنے والے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے جج بن چکے ہیں-سابق گورنر پنجاب اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے والد مخدوم سجاد حسین بھی اس کالج کے گریجویٹ تھے-وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ہائرایجوکیشن کمیشن کو بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں میڈیکل کالج کھولنے کی ہدایت کی جائے گی اور ایک غیر ملکی انجنیئرنگ یونیورسٹی بھی ملتان میں لائی جائے گی-تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب خالد مقبول نے وزیراعظم اور وائس چانسلر نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹی کا سوینئر پیش کیا-اس موقع پر یونیورسٹی کے آرٹس کالج کی طرف سے تیار کردہ ایک پینٹنگ بھی وزیراعظم کو پیش کی گئی-جس پر وزیراعظم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پینٹنگز کو بہت پسند کرتے ہیں-

متعلقہ عنوان :