گوشت نہیں کھاتا، شراب اور سگریٹ سے دور رہتاہوں اور سادہ زندگی گزارتا ہوں،بھارتی ریسلر

بدھ 7 مئی 2008 15:15

نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین07مئی2008 ) ڈبلیو ڈبلیو ای کے چیمپین اور نامور بھارتی ریسلر کالی نے کہا ہے کہ وہ گوشت نہیں کھاتے اور شراب اور سگریٹ سے دور رہتے ہیں۔امریکہ میں سکونت اختیار کرنے والے بھارت کے کسان نے ریسلنگ کے میدان میںآ تے ہی عالمی سطح پر سنسنی پھیلادی ۔ہماچل پردیش سے تعلق رکھنے والے 7 فٹ 3 انچ لمبے اور200کلوگرام وزنی دلیپ سنگھ رانا(کالی) امریکہ میں ایٹلانٹا میں رہتے ہیں۔

چھتیس سالہ رانا اپنے گھر میں کچھ وقت گزارنے کے لیے بھارت میں ہیں جہاں ان کی زندگی پر فلم بھی بن رہی ہے۔ کالی کا کہنا ہے کہ وہ گوشت نہیں کھاتے اور شراب اور سگریٹ سے دور رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی گھریلو شریک حیات ہرمندر کور کے ساتھ سادہ زندگی گزارتے ہیں۔ کالی نے کہا کہ امریکیوں کے تصور میں بھی نہیں تھا کہ بھارت سے کوئی شخص ڈبلیو ڈبلیو ای میں آ سکتا ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن اب وہ مجھے دیکھ کر خوش ہوتے ہیں۔رانا ماضی میں سڑکیں بنانے کے منصوبوں پر کام کر چکے ہیں۔ اپنے گاوٴں دھرانا میں وہ خواتین کے کہنے پر ان کے بچھڑے اٹھا کر ایک باڑے سے دوسرے باڑے میں رکھتے تھے۔انکی زندگی اس وقت نئی راہ پر چل نکلی جب وہ ایک مشہور برطانوی تن ساز ڈورین ییٹس کے استقبال کے لیے نئی دہِلی کے ہوائی اڈے پر گئے۔ ییٹس انہیں دیکھ کر بہت متاثر ہوئے اور کہا کہ اگر وہ اپنی جسامت قائم رکھ سکے تو ڈبلیو ڈبلیو ای میں بہت آگے جائیں گے۔

جس کے بعد وہ جاپان چلے گئے جہاں انہیں جائنٹ سنگھ کا نام دیا گیاپھر وہاں سے وہ امریکہ پہنچ گئے۔ انہوں نے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز2000 میں کیا۔ امریکہ میں انہیں ہندو دیوی کالی کی نسبت سے عظیم کالی کہا جانے لگا۔عظیم کالی ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ ڈبلیو ڈبلیو ای میں انتہائی مقبول ہیں اور وہ وہاں درج ہونے والے بھارت کے پہلے شہری ہیں۔وہ انگریزی زبان کی فِلم دی لانگسٹ یارڈ اورگٹ سمارٹ میں کردار ادا کر چکے ہیں۔ ان کا نام جدید ریسلنگ کی دنیا کے بڑے ستاروں ہلک ہوگن اور دی راک کے ساتھ لیاجاتا ہے۔ ہالی وڈ سے کام کی پیشکشوں کے بعد اب وہ بھارت میں بالی وڈ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :