سرخ انگور اور نارنجی شوگر سمیت دیگر امراض سے محفوظ رکھتے ہیں‘تحقیق

جمعہ 13 مئی 2016 13:24

سرخ انگور اور نارنجی شوگر سمیت دیگر امراض سے محفوظ رکھتے ہیں‘تحقیق

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مئی۔2016ء) نارنجی اور سرخ انگوروں میں ایسے کئی اجزا دریافت ہوئے ہیں جو موٹاپے، امراضِ قلب اور ٹائپ ٹو ذیابیطس کو نہ صرف روکتے ہیں بلکہ ان امراض کے علاج میں بھی مفید ہیں۔بین الاقوامی تحقیقی جریدے ڈائی بیٹیس میں شائع رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں پھلوں میں ایسے مرکبات موجود ہوتے ہیں جو جسم کے اندر انسولین جذب ہونے کے عمل کو بہتر بناتے ہیں اور امراضِ قلب اور دیگر جان لیوا بیماریوں کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

برطانیہ کی یونیورسٹی آف واروک کے ماہرین کے مطابق سرخ انگوروں میں ٹرانس ریس وریٹرل اور نارنجیوں میں ہیسپریٹن نامی مرکبات پائے جاتے ہیں یہ دونوں مرکبات شوگر، موٹاپے اور امراضِ قلب کو روکتے ہیں اور ان کے مریضوں کے لیے بھی مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

تجربے کے لیے ماہرین نے 18سے 80سال تک کے 32مریضوں پر ان دونوں مرکبات کو آزمایا جن کا وزن زیادہ تھا اور وہ موٹاپے کی طرف جارہے تھے۔

انہیں 8ہفتوں تک دونوں پھلوں کے مرکبات کھلائے گئے اور اس دوران ان کے خون میں شوگر کا لیول اور دل کی شریانوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ 8ہفتے بعد جن لوگوں کو نارنجی اور سرخ انگوروں کے اجزا کھلائے گئے ان کے دل کی شریانوں میں بہتری، خون کا تیز بہا اور شوگر اور انسولین کی کیفیت بہتر ہوئی۔ماہرین کے مطابق ادویہ ساز ادارے ان دونوں پھلوں کے مرکبات پر تحقیقی کرکے ان کو دوا میں بند کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان امراض کے علاج کی راہ ہموار کی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :