محکمہ صحت اسلام آباد نے ڈینگی مچھر کے خاتمے کے لئے مچھر مار ادویات جمع کرنا شروع کر دیں

بدھ 18 مئی 2016 16:45

اسلام آباد ۔ 18 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مئی۔2016ء) محکمہ صحت اسلام آباد نے ڈینگی مچھر کے خاتمے کے لئے مچھر مار ادویات جمع کرنا شروع کر دی ہیں۔ اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور انچارج ڈینگی سرویلنس سیل ڈاکٹر نجیب درانی نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حالیہ موسم خشک ہونے کی وجہ سے ڈینگی کا کوئی خطرہ نہیں تاہم اگر بارش ہو جاتی ہے تو ڈینگی کی وباء پھیلنے کا خدشہ ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹر نجیب درانی نے کہا کہ محکمہ صحت اسلام آباد میں ڈبلیو ایچ او کے معیار کے مطابق مختلف کمپنیوں سے ادویات جمع کرنا شروع کر دی ہے تا کہ ڈینگی مچھروں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی مچھر جولائی اور اگست میں زیادہ افزائش کرتا ہے اس کو تلف کرنے کے لئے مچھر مار سپرے کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں عوام میں ڈینگی مچھر سے بچنے کے لئے مہم شروع کر رکھا ہے۔

لیڈی ہیلتھ ورکر گھر گھر کے اندر جبکہ سینیٹری انسپکٹر اور ملیریا انسپکٹر گھروں کے باہر مہم میں مصروف ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ ایک مہینے کے دوران کمرے کی کھڑکیاں بند کر کے کم از کم دو مرتبہ سپرے کیا کریں۔ اسی طرح اپنے بچوں کو شام اور صبح کے وقت پورے بازو والے کپڑے پہنا کریں تا کہ وہ ڈینگی مچھر سے محفوظ رہیں۔

متعلقہ عنوان :