امریکہ میں قطبی ریچھ کی نسل کوخطرہ ہے ،ماہرین

جمعرات 15 مئی 2008 11:57

نیو یارک(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین15مئی2008 ) امریکہ نے قطبی ریچھ کو ایسے جانوروں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے جن کی نسل کو خطرات درپیش ہیں۔یہ قطبی ریچھ بحیرہ آرکٹک کے علاقے میں رہتے ہیں جہاں ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے برف تیزی سے پگھل رہی ہے۔امریکی حکومت کے سائنسدانوں نے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا ہے کہ 2050 تک امریکہ میں پائے جانے والے 25 ہزار قطبی ریچھوں میں سے دو تہائی صفحہ ہستی سے غائب ہو جائیں گے۔

امریکی وزیرِ داخلہ ڈرک کیمپ تھرون کا کہنا ہے کہ حکومت نے یہ فیصلہ سائنسدانوں کے مشورے پر کیا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے عالمی حدت میں کمی کے معاملے پر کچھ خاص اثر پڑنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ قطبی ریچھوں کی نسل کو اس فہرست میں شامل کرنے سے نہ تو عالمی ماحولیاتی تبدیلیاں روکی جا سکتی ہیں اور نہ ہی سمندر کی برف کو پگھلنے سے کوئی روک سکتا ہے تاہم ان عوامل پر قابو پانے کے لیے دنیا کی بڑی بڑی معیشتوں کو کام کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

امریکی وزیرِ داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس بات کا بھی خیال رکھا جائے گا کہ قطبی ریچھوں کو اس فہرست میں شامل کیے جانے کا اثر معاشرے اور امریکہ کی معیشت پر نہ پڑے۔ امریکہ کی کونسل برائے تحفظِ قدرتی وسائل کے اینڈریو ویٹلر کے مطابق ’قطبی ریچھوں کو خطرات کا شکار جانوروں کی فہرست میں شامل کرنا ایک اہم قدم ہے تاہم بش انتظامیہ نے قانونی سقم کا سہارا لیتے ہوئے قطبی ریچھوں کو درپیش بڑے خطرے یعنی عالمی حدت میں اضافے سے نمٹنے کی کوئی کوشش نہیں کی ہے‘۔

متعلقہ عنوان :