دور دراز دیہی علاقوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم،یوسف رضا گیلانی سے اٹالین ڈاکٹرز کے تین رکنی و فد کی ملاقات

جمعرات 15 مئی 2008 22:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مئی۔2008ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں خاص طور پر دور دراز دیہی علاقوں میں صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دیتی ہے انہوں نے یہ بات یہاں ڈینی لکس سمائل آگین فاونڈیشن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے جمعرات کو یوسف رضا گیلانی سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی وفد میں تین اٹالین ڈاکٹرز شامل تھے جو کہ پاکستان میں ملتان کے نزدیک سانگھی میں 30 بستروں کے ایک ہسپتال کی تعمیر کے سلسلہ میں پاکستان کے دورے پر ہیں اس ہسپتال میں تیزاب سے جھلسی اور چولہا پھٹنے سے زخمی ہونے والی خواتین کا علاج کیا جائے گا اور یہ ہسپتال سمائل آگین فاونڈیشن کے اٹالین چیپٹر کے اشتراک سے تعمیر کروایا جائے گا وزیراعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مجوزہ ہسپتال تیزاب سے جھلسی اور چولہے پھٹنے سے زخمی ہونے والی خواتین کے علاج اور بحالی کے لئے شاہکارر مرکز ثابت ہوگا وفد نے وزیراعظم کو 30 بستروں کے ہسپتال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس پر 38 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور یہ دو سال میں مکمل ہوگا اور ہسپتال کی عمارت میں مریضوں کے لئے شیلٹر ہوم فزیو تھراپی کا مرکز سرجری آپریشن تھیٹرز ووکیشنل ٹریننگ سنٹر فری ڈسپنسری اور او پی ڈی کی سہولت بھی ہوگی وفد نے ریسرچ کیلئے ذاتی اراضی میں سے زمین دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ۔