اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈینگی بارے شعور اجاگر کرنے کے لئے ٹیمیں 30مئی سے دوبارہ کام شروع کریں گی

بدھ 25 مئی 2016 16:12

اسلام آباد ۔ 25 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مئی۔2016ء) اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں لوگوں میں ڈینگی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لئے ٹیمیں 30مئی سے دوبارہ کام شروع کریں گی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور انچارج ڈینگی سرویلنس سیل ڈاکٹر نجیب درانی نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ ٹیمیں اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں حالیہ انسداد پولیو مہم میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے ڈینگی کے حوالے سے جاری مہم آئندہ چند روز کے لئے روک دی تھی، مہم ختم ہونے کے بعد سینٹری انسپکٹر، ملیریا انسپکٹر اور لیڈی ہیلتھ ورکر اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں لوگوں میں ڈینگی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لئے دوبارہ مہم کا آغاز 30مئی کو کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اسلام آباد نے ڈینگی مچھر کے خاتمے کے لئے مچھر مار ادویات جمع کرنا شروع کر دی ہیں۔ ڈاکٹر نجیب درانی نے کہا کہ محکمہ صحت اسلام آباد میں ڈبلیو ایچ او کے معیار کے مطابق مختلف کمپنیوں سے ادویات جمع کرنا شروع کر دی ہے تا کہ ڈینگی مچھروں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی مچھر جولائی اور اگست میں زیادہ افزائش کرتا ہے اس کو تلف کرنے کے لئے مچھر مار سپرے کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :