حکومت پنجاب کا صوبہ بھر میں گیسٹرو سے بچاؤ کیلئے تشہیری مہم شروع کرنے کافیصلہ

ہفتہ 28 مئی 2016 15:10

فیصل آباد۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 مئی۔2016ء)حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں گیسٹرو سے بچاؤ کیلئے خصوصی شعور و آگاہی اور تشہیری مہم شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے جس کے تحت صوبہ کے تمام 9ڈویژنز فیصل آباد ، لاہور ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ،ساہیوال ، سرگودھا ، ملتان،بہاولپور ، ڈی جی خان کے 36اضلاع میں ضلعی حکومتوں اور محکمہ صحت کے اشتراک سے معلوماتی بینرز آویزاں کئے جائیں گے جبکہ الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ذریعے بھی عوام میں گیسٹرو سے بچاؤ کیلئے شعور بیدار کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت فیصل آباد ڈویژن کے ذرائع نے بتا یا کہ اس مہم کے دوران لوگوں میں آگاہی پید اکی جائے گی تاکہ موسم گرما کے دوران دیہی و شہری اور خصوصاً پسماندہ آبادیوں کے مکین احتیاطی و حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کرتے ہوئے پیٹ کے امراض اور وبائی بیماریوں سے بچ سکیں۔ دریں اثناء کمشنر فیصل آباد ڈویژن ، ڈی سی او فیصل آباداور ای ڈی او ہیلتھ فیصل آباد نے بھی متعلقہ حکام کو ہدائت کی ہے کہ و ہ کسی بھی علاقہ میں گیسٹرو کی کسی بھی شکائت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اس کے تدارک کیلئے برو قت اقدامات کریں ۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔