صحت اور تعلیم کے شعبوں میں میرٹ پر سختی سے عمل کرنے سے ہی ہونہار طالبعلموں کو جائز مقام اور حق مل سکتا ہے ‘وزیر اعلی پنجاب

جمعرات 22 مئی 2008 18:52

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین22مئی2008 ) وزیر اعلی پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا ہے کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں میرٹ پر سختی سے عمل کرنے سے ہی ہونہار طالبعلموں کو جائز مقام اور حق مل سکتا ہے ‘ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں قابل افراد کی اہلیت سے صحیح معنوں میں استفادہ کرنے کیلئے جامع پروگرام ترتیب دے رہی ہے۔گزشتہ روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے دورے کے دوران سینئر ڈاکٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ میڈیکل کے شعبے سے وابستہ کسی بھی زیر تعلیم یا زیر تربیت ڈاکٹر کے لئے ناجائز سفارش ایک سنگین جرم کے مترادف ہے ۔

وزیر خوراک ملک ندیم کامران بھی وزیر اعلی کے دورے کے دوران ان کے ہمراہ تھے ۔انہوں نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو یقین دلایا کہ وز یراعلی سیکرٹریٹ پیشہ وارانہ امور اور مقرر ہ ضوابط سے متصادم کسی معاملے میں مداخلت نہیں کرے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا انتظام و انصرام پیشہ وارانہ طور پر اہل اور قابل انتظامیہ کے ہاتھ میں ہے جو پنجاب میں میڈیکل کی تعلیم کے فروغ کے لئے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں میڈیکل کی تعلیم اور صحت عامہ کی سہولتیں پسماندہ علاقوں تک پہنچانے کے لئے یونیورسٹی سے ہر ممکن تعاون کرے گی ۔ وزیر اعلی پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ مجھے یہ جان کر اطمینان ہوا ہے کہ یو نیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ایسا شفاف امتحانی طریقہ کار وضع کیا ہے جس کے نتیجے میں اب صرف ڈاکٹروں کے بچے ہی ڈاکٹر نہیں بن رہے بلکہ غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ہونہار بھی ڈاکٹر بن رہے ہیں ۔ بعد ازاں وزیر اعلی پنجاب نے کمپیوٹر ریسورس لیب ‘ وائرلیس نیٹ ورک ‘ انگلش لنگوئج لیب ‘ سکل لیب ‘ ایم ایس سی میڈیکل لیب‘ ویڈیو کانفرنس روم سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :