کھجور اور دودھ کے ساتھ افطاری ،سحری کے وقت سادہ اور ہلکی پھلکی غذا کھائی جائے‘ پاکستان طبی کانفرنس

جمعہ 3 جون 2016 14:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء) پاکستان طبی کانفرنس لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام وید محمد جمیل خاں کی زیر صدارت ایک مجلس مذاکرہ کا انعقاد ہوا جس میں مقررین نے روزہ اور ہماری صحت کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔اس موقع پر جنرل سیکریٹری پاکستان طبی کانفرنس لاہور ڈویژن حکیم محمد احمد سلیمی ، وید محمد جمیل خاں ، حکیم سید عمران فیاض ، حکیم احمد حسن نوری ،حکیم امجد وحید بھٹی اور حکیم محمد افضل میو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روزہ جسمانی و روحانی امراض سے بچاؤ کا بہترین ذریعہ ہے۔

دور حاضر کی عام اور پریشان کن امراض موٹاپا‘ بلڈپریشر‘ ذیابیطس‘ امراض قلب‘ معدہ‘ جگر‘ آنتوں اور گردوں کے امراض کے اسباب کا جائزہ لینے کے بعد یہ بات پائیہ ثبوت کو پہنچ چکی ہے کہ مندرجہ بالا امراض کی بڑی وجہ کھانے پینے میں بے اعتدالی، نظام ہضم کی خرابی اور روزمرہ معمولات میں عدم توازن جیسے عوامل شامل ہیں جس سے معدہ خراب ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روزہ رکھنے سے معدے کو آرام ملتا ہے۔اس عرصہ میں معدہ کی اصلاح ہوتی ہے۔روزہ رکھنے سے ”قوت“ ہضم کے عمل پر صرف ہونے کی بجائے بدن سے فاسد اور ردی مادے خارج کرتی ہے جس سے جسم مضر صحت مواد سے پاک ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ روزہ سے ہم اسی صورت فائدہ اٹھا سکتے ہیں جب سنت نبویﷺ کے مطابق افطاری و سحری کا اہتمام کیا جائے یعنی موجودہ موسم میں کھجور اور دودھ کے ساتھ افطاری اور سحری کے وقت سادہ اور ہلکی پھلکی غذا کھائی جائے۔اس موقع پر حکیم حامد محمود، حکیم ڈاکٹر عمر فاروق گوندل ،حکیم ڈاکٹر محمد ابو بکر، حکیم سید عارف رحیم، حکیم فیصل طاہر صدیقی، حکیم وحید الحسن چشتی ، حکیم ریاض احمد، ڈاکٹر سکندر حیات زاہد اور دیگر اطباء کرام نے بھی اظہار خیال کیا -

متعلقہ عنوان :