گوجرانوالہ میں 500بستروں پر مشتمل ٹیچنگ ہسپتال اگلے سال تک مکمل ہوجائے گا‘ خواجہ سلمان رفیق

ہفتہ 4 جون 2016 15:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جون۔2016ء)صوبے کے عوام کو جدید ترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے جدید سہولیات سے لیس سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال قائم کئے جارہے ہیں اور گوجرانوالہ میں 500بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال کی تعمیر بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے جس پر 3ارب 9کروڑ روپے خرچ ہو ں گے۔ یہ بات مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ کے ہمراہ گوجرانوالہ میں زیر تعمیر 500بستروں پر مشتمل ہسپتال کے دورہ کے موقعہ پر کہی۔

پرنسپل گوجرانوالہ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محسن آفتاب نے زیر تعمیر منصوبے کے بارے میں مشیر صحت کو بریفنگ دی ۔پروفیسر محسن آفتاب نے بتایاکہ ہسپتال کی عمارت چھ منزلہ ہوگی جس کے تین بلاک ہوں گے او رکل تعمیر شدہ(کورڈ) ایریا3 لاکھ 60ہزار مربعہ فٹ ہے جبکہ ہسپتال کا کل رقبہ 6ایکڑ پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر محسن آفتاب نے بتایا کہ ہسپتال میں 10آپریشن تھیٹر پر مشتمل ایک الگ کمپلیکس ہوگا مزید براں اس ٹیچنگ ہسپتال میں علاج معالجہ کی جملہ سہولیات فراہم کی جائیں گی جن میں پیڈز میڈیسن، پیڈز سرجری، جنرل سرجری، میڈیسن ، ای این ٹی ، امراض چشم، لیبارٹری ، ڈائگناسٹک کی تمام سہولیات ،آرگن ٹرانسپلانٹ ، کا رڈیک یونٹ، آئی سی یو، سی سی یواور ڈائلسز وغیرہ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے ہدایت کی کہ ہسپتال کا تعمیراتی کام تیز کیا جائے اور یہ منصوبہ دسمبر2017 تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ہسپتال کی تعمیر کا کام مکمل کرنے کے لئے فنڈز کی فراہمی جاری رکھے گی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ہسپتال کی عمارت کی تعمیر کاکام جاری ہے جس کی تکمیل پر 1.4ارب روپے اور طبی آلات و جدید مشینری کی خریداری کے لئے 1.7 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ گوجرانوالہ میں جدید طبی سہولیات سے لیس ٹیچنگ ہسپتال کا قیام موجودہ حکومت کی جانب سے عوام کو علاج معالجہ کی جدید سہولیات فراہم کرنے کی پالیسی میں ایک سنگ میل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اس ہسپتال کے قیام سے گوجرانوالہ ڈویژن او رپورے ریجن کے عوام کے لئے علاج معالجہ کی بہت بڑی سہولت میسر آجائے گی جس سے لاہور کے ٹرشری کئیر ہسپتالوں میں مریضوں کا رش کم ہوگا۔