رمضان المبارک میں سگریٹ نوشی کی عادت سے باآسانی چھٹکارا پایا جاسکتا ہے،ماہرین

بدھ 8 جون 2016 13:59

اسلام آباد ۔ 7 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 جون۔2016ء) رمضان المبارک میں سگریٹ نوشی کی عادت سے باآسانی چھٹکارا پایا جاسکتا ہے ۔ ریلوے ہسپتال راولپنڈی کے میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر طارق محمود نے ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کی برکات میں جہاں دیگر فوائد شامل ہیں وہاں سگریٹ نوشی کا ترک کرنا بھی صحت کے لئے مفید ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزہ اچھی صحت کا ضامن ہے اور سگریٹ نوشی سے نجات کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سگریٹ نوشی کے عادی افراد کو اس ماہ کے دوران سگریٹ پینے سے نجات ملتی ہے جو ان کی صحت پر مثبت اثرات کی حامل ہے۔ عام دنوں میں سگریٹ ترک کرنا مشکل ہوتا ہے تاہم روزہ میں مذہبی ذمہ داری ہے کہ سگریٹ نوشی سمیت ہر طرح کی کھانے پینے کی اشیاء مقررہ اوقات کے دوران ترک کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلسل ایک ماہ تک سگریٹ نوشی سے پرہیز کرنے سے انسان سگریٹ نوشی مستقل طور ترک کرنے پر آمادہ ہو سکتا ہے اور رمضان المبارک کی یہی خوبی ہے کہ اس مہینے کے دوران سگریٹ نوش افراد سگریٹ نہیں پیتے۔ انہوں نے کہا کہ افطاری کے بعد کچھ لوگ سگریٹ نوشی کرتے ہیں جنہیں کوشش کرنی چاہئے کہ وہ اس کے مضر اثرات کے باعث سگریٹ نوشی سے کنارہ کشی کریں اور سگریٹ کی خریداری پر خرچ ہونے والی بھاری رقوم اچھے پھلوں، جوسوں اور دیگر مفید خوراک کے لئے استعمال کریں۔

متعلقہ عنوان :