چند احتیاطی تدابیرسے ایڈز جیسے موذی اورجان لیوا مرض سے بچا جا سکتا ہے،ای ڈی او ہیلتھ رحیم یار خان

بدھ 15 جون 2016 15:09

رحیم یار خان ۔ 15 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 جون۔2016ء) ای ڈی او ہیلتھ رحیم یار خان ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی نے کہا ہے کہ ایڈز ایک موذی مرض ہے جو تیزی سے معاشرے میں پھیل رہا ہے جس کی بڑی وجہ لاپرواہی ہے ۔ ہم اپنی طرز زندگی میں چند احتیاطی تدابیر شامل کر کے اس موذی جان لیوا مرض سے بچ سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت پنجاب، پنجاب ایڈز کونسل اور پنجاب ایڈز کنسوشیم کے زیر اہتمام ضلع رحیم یار خان میں ایڈز سے متاثرہ مریضوں کے ورثاء میں رمضان المبارک کے موقع پر راشن بیگ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس موذی مرض کا پھیلاؤ، عطائی ڈاکٹرز،استعمال شدہ سرنج، ڈینٹل کلینک، بلڈ بنک، ہیئر ڈریسر سمیت دیگر مراکز سے پھیل رہا ہے اور زیادہ شرح استعمال شدہ سرنج کی سامنے آ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایڈز سے متاثرہ مریضوں کو ملتان یا ڈی جی خان میں موجود ایڈز کنٹرول سنٹر میں جانا پڑتا ہے جو تکلیف دہ ہے، مریضوں کی سہولت اور ضلع سے اس مرض کے خاتمہ کے لئے شیخ زید ہسپتال اینڈ میڈیکل کالج میں ایڈز کنٹرول سنٹر کے قیام کی سفارش کی جائے گی جبکہ جلد ہی غیر قانونی طور پر قائم بلڈ بینک سمیت سرکاری و نجی ہسپتالوں میں غیر معیاری خون کی خریدو فروخت میں ملوث عناصر پر بھی ہاتھ ڈالا جائے گا۔

ضلعی منیجر ایڈز کنسوشیم شیخ جہانگیر اشرف نے بتایا کہ ضلع رحیم یار خان میں259ایڈ ز سے متاثرہ مریض رجسٹرڈ ہیں جنہیں حکومت پنجاب کی جانب سے مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ادارہ ایڈز کنسوشیم بھی ایڈز سے متاثرہ مریض کے خاندان کی معاشی کفالت میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن طاہر محمود سمیت دیگر نے شرکت کی جبکہ بعد ازاں ایڈز سے متاثرہ مریضوں کے ورثاء میں راشن تقسیم کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :