محکمہ صحت اسلام آباد نے ڈینگی فیور کے خطرہ ، مختلف بیماریوں کے بچاؤ کے لئے حفاظتی اقدامات شروع کردیئے

بدھ 15 جون 2016 15:17

اسلام آباد ۔ 15 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 جون۔2016ء) محکمہ صحت اسلام آباد میں رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں بارشوں کی پیشنگوئی کے پیش نظر ڈینگی فیور کے خطرہ اور مختلف بیماریوں کے بچاؤ کے لئے حفاظتی اقدامات شروع کردیئے ہیں اور ٹیموں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے لوگوں میں شعور اجاگر کرے‘ رواں ڈینگی کے سیزن میں اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے 5مریضوں میں ڈینگی کا وائرس پایا گیا۔

تاہم علاج معالجہ کے بعد انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور انچارج ڈینگی سرویلینس سیل ڈاکٹر نجیب درانی نے اے پی پی کو بتایا کہ محکمہ موسمیات نے رواں ماہ 20 جون سے بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے ‘ پری مون سون کی بارشوں کے بعد ڈینگی فیور اور مختلف بیماریاں پھیلنے کا خطرہ ہے انہوں بارشوں کے بعد ممکنہ ڈینگی خطرات سے نمٹنے کیلئے سینٹری انسپکٹر‘ ملیریا انسپکٹر اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ بارش کا پانی جمع نہ ہونے دیں جہاں بارش کا پانی جمع ہو جاتا ہے وہاں مادہ مچھر انڈوں کی افزائش اور لاروے کی افزائش کرتا ہے ‘ سالڈویسٹ اور پانی جمع ہونے کی جگہ تلف کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رواں ڈینگی سیزن میں ترلائی ‘ لوئی بیر اور کرال سے تعلق رکھنے والے تین افراد میں ڈینگی کا وائرس پایا گیا جنہیں فوری طور پر ہسپتال لایا گیا اور علاج کے بعد انہیں ڈسچارج کیا گیا ۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کے دو مریضوں میں بھی ڈینگی کا وائرس پایا گیا جنہیں بھی اسلام آباد میں علاج معالجہ کے بعد اپنے گھروں کو بھیج دیا گیا ۔

ڈاکٹر نجیب درانی نے کہا کہ پری مون سون بارشوں سے مختلف بیماری بھی لاحق ہوتی ہے جیسا کہ گیسٹر‘ ٹائی فائیڈ ‘ ہیپاٹائیٹس اے اور ای ‘ پیٹ کی بیماریاں ‘ ہیضہ ‘ پیچس اور دیگر بیماریاں شامل ہیں ان بیماریوں سے بچنے کیلئے محکمہ صحت اسلام آباد نے شہریوں کو تنبیہہ کی ہے کہ وہ پانی کو ابال کر پئیں اور پھل فروٹ اور سبزیوں کو اچھی طرح دھو کر استعمال کریں ‘ اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح صابن سے دھوئیں ‘ اپنی سیوریج کے پائپ کو اچھی طرح چیک کرلیا کریں اور سیوریج کے پائپ کو پینے کے صاف پانی سے دور رکھیں۔

متعلقہ عنوان :