چھ ماہ میں پولیو کے آٹھ کیسز سامنے آئے ، شیری رحمن

پیر 2 جون 2008 22:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2جون۔2008ء) وفاقی وزیر صحت واطلاعات شیری رحمن نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ چھ ماہ میں پولیو کے آٹھ کیس سامنے آئے ہیں ، جن میں زیادہ تر کیس سندھ سے ہیں ، پیر کو بیگم یاسمین رحمن، بیگم شکیلہ خانم رشید ، بیگم شمشاد ستار بچانی ، مہریان انور راجہ اور تسنیم احمد قریشی کی طرف سے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں شیری رحمن نے ایوان کو بتایا کہ ملک میں پولیو کے خاتمے کیلئے محترمہ بینظیر بھٹو کے در حکومت میں دہم شروع کی گئی تھی جس کی وجہ سے ملک میں پولیو کی بیماری کافی حد تک ختم ہوگئی تھی انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے منظم مہم شروع کی گئی ہے جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں بیگم یاسمین رحمن نے استفسار کیا کہ پاکستان پولیو فری ملک بن گیا ہے ، شیری رحمن نے کہا کہ ملک بھر میں پولیو کے آٹھ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اس لئے پاکستان اب پولیو فری ملک نہیں رہا ، پنجاب کے 32 اضلاع اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیو کا کوئی کیس نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ممالک بھارت اور افغانستان میں بھی پولیو کے کیسز سامنے آئے ہیں سب سے زیادہ کیسز افریقی ممالک میں ہیں ۔

متعلقہ عنوان :