حکومت صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،جلد قومی پالیسی کا اعلان ہوگا۔وزیراعظم۔۔۔۔تمام گریڈ ایک سے 15تک کے ملازمین کو ریگولر کریں گے‘گندم کی نقل و حرکت پر پابندی ختم کر دی،قومی اسمبلی میں اظہار خیال

جمعرات 5 جون 2008 11:45

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین05جون2008 ) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صحت کے شعبے کو خصوصی ترجیح دے رہی ہے اور عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کے لئے جلد صحت پالیسی کا اعلان کیا جائیگا جمعرات کوقومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران خاتون رکن نسیم چوہدری کے ایک ضمنی سوال کے جواب میں جب وزیرصحت شیری رحمان نے اپنی بات مکمل کی تو وزیراعظم نے اظہار خیال شروع کردیا انہوں نے ایوان کو بتایا کہ حکومت صحت کے شعبے کو خصوصی ترجیح دے رہی ہے اور بہت جلد قومی صحت پالیسی کا اعلان کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اقدامات پروگرام کے تحت ملک بھر میں چاروں صدیوں کے ضلعی دفاتر صحت(ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسز)کے ذریعے طبی عملہ ،ڈاکٹرز اورادویات مہیا کرے گی وزیراعظم نے کہا کہ قومی صحت پالیسی میں اس شعبہ سے متعلق تمام امور کااحاطہ کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

مختلف نکتہ ہائے اعتراض کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ گریڈ ایک سے 15 تک کے تمام ملازمین کو ریگولر کریں گے خواہ وہ کسی بھی ادارے سے تعلق رکھتے ہیں یہ تمام ملازمین دیگر ادوار میں بھرتی کئے گئے -انہوں نے کہا کہ گریڈ 16 سے اوپر کے ملازمین میں ایسے ملازمین بھی ہیں جو بہت زیادہ مراعات لے رہے ہیں وزیراعظم نے کہا کہ اس ضمن میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو تمام معاملات کا جائزہ لے گی وزیر خزانہ سے بھی اس سلسلے میں مشاورت کی جائے گی ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ گندم کا مسئلہ بہت اہم ہے اس لیے ہم نے بین الصوبائی پابندی ختم کر دی ہے تاکہ گندم ملک کے ہر حصے میں پہنچ سکے- اگر ہنگو میں گندم نہیں تو اس کا نوٹس لیا جائے گا وزیراعظم نے کہا کہ بجلی بحران پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں ایک گھنٹہ گھڑیاں آگے اسی لیے کی گئی ہیں کراچی کو مزید ایک ہزر میگاواٹ بجلی فراہم کررہے ہیں گلیشئر پگھلنے کے بعد پانی کی وافر مقدار موجود ہو گی جس سے بجلی پیدا کی جا سکتی ہے وزیراعظم نے کہا کہ آئینی پیکج میں اقلیتوں کو بھرپور نمائندگی کی تجویز ہے ہماری کوشش ہے کہ سینٹ میں بھی اقلیتوں کو نمائندگی دی جائے- انہوں نے کہا کہ کابینہ جب مکمل ہو گی تو اس میں اقلیتوں کی نمائندگی ضرور ہو گی-