ٹی بی کے مریضوں کیلئے مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فوری طور پر گرانٹس جاری کی جائیں،امیر العظیم

بدھ 22 جون 2016 16:48

اسلام آباد ۔ 22 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 جون ۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم نے پنجاب بھر میں ٹی بی کے مریضوں کیلئے مفت ادویات کی فراہمی بند ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فوری طور پر گرانٹس جاری کی جائیں۔ ٹی بی غریبوں کا مرض ہے اور صوبے میں لاکھوں کی تعداد میں شہری اس مرض میں مبتلا ہیں، اگر ادویات کی فوری فراہمی کو یقینی نہ بنایا گیا تو یہ غریب اور مستحق مریض علاج کی سہولت سے محروم ہوجائیں گے جس سے ان کے خاندانوں کے اندر سخت مایوسی اور بے چینی پھیل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹی بی کے مرض میں مبتلا مریضوں کو مسلسل علاج کی ضرورت ہوتی ہے اور اگر چند دن تک ادویات میں ناغہ ہو جائے تو نئے سرے سے علاج کرانا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈی جی ہیلتھ ٹی بی آفس کا علیحدہ سیل قائم کرکے ٹی بی کے مریضوں کا مکمل بائیو ڈیٹا حاصل کیا جائے اور ان کے مکمل علاج معالجہ کیلئے منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کا سختی سے نوٹس لیں اور ٹی بی کے مریضوں کے علاج کیلئے فنڈز جاری کرائیں۔ اگر اس مرض کے تدارک کیلئے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو ہیپاٹائیٹس کی طرح اس مرض کا بھی پسماندہ بستیوں میں وباء کی صورت میں پھیل جانے کا خدشہ ہے۔