ضلع بھرمیں ٹیمیں ڈینگی کے انسداد کے لئے سرگرم عمل ہیں،ڈی سی او

جمعہ 24 جون 2016 15:39

فیصل آباد۔24 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 جون۔2016ء)ڈینگی کے انسدادی اقدامات کو کامیاب بنانے کے لئے ضلع کو 19زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں 691ان ڈو اور آؤٹ ڈور ٹیمیں ڈینگی لاروا کے صفایا کے لئے سرویلنس پر مامور ہیں تاکہ ڈینگی کی پیدائش اور افزائش کے تمام ممکنہ مقامات کا صفایا یقینی بنایا جا سکے۔ڈسٹرکٹ کوآرڈینینیشن آفیسر سلمان غنی نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ پری مون بارشوں میں انسداد ڈینگی اقدامات پر بھر پور عملدرآمد کے سلسلے میں غیر معمولی طور پر چوکس رہیں۔

مون سون میں ڈینگی کی افزائش کے خطرات موجود ہیں لہٰذا کوتاہی یا غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی ایک سماجی مسئلہ ہے لہٰذا اس کی روک تھام کے لئے محکمانہ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کی معاونت حاصل کی جائے تاکہ کسی جگہ ڈینگی سر نہ اٹھائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلع میں 402ان ڈور اور 289 آؤٹ ڈور ٹیمیں ڈینگی کے انسداد کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال اب تک 11 لاکھ 22ہزار 11گھروں اور 4لاکھ 69ہزار 348 آؤٹ ڈور مقامات کو چیک کیا گیا اور اس دوران 40مختلف مقامات سے ڈینگی لاروا ملا اور جس کی فوری کیمیکل ٹریٹمنٹ کر دی گئی جبکہ رواں سال اب تک احتیاطی اور انسدادی اقدامات مکمل نہ کرنے والے 486افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے جا چکے ہیں۔