انڈس ہسپتال کو 1800 بستروں تک وسعت دی جائے گی، ڈاکٹر عبدالباری

پیر 27 جون 2016 16:38

کراچی ۔ 27 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جون۔2016ء) انڈس ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری نے کہا ہے کہ ہسپتال کو 2024ء تک 1800 بستروں تک وسعت دی جائے گی جس سے لاکھوں مریض مستفید ہوں گے۔ پیر کو جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے توسیعی منصوبے پر 50 ارب روپے لاگت آئے گی جس کے بعد انڈس ہسپتال خطے میں مفت طبی سہولیات فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ بن جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توسیع کے بعد ہسپتال کا ایمرجنسی روم 100 مریضوں کو بیک وقت سہولیات فراہم کرنے کے قابل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں روزانہ ایک ہزار مریض آتے ہیں جبکہ توسیع کے بعد ہسپتال روزانہ 6000 ہزار مریضوں کو سہولیات فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ توسیع کے بعد ہسپتال میں ڈینٹسٹری، نیوروسائنس اور ایڈلٹ آنکالوجی کے شعبوں کا اضافہ ہوجائے گا۔ انڈس ہسپتال نے کراچی، بدین، بھونگ، رحیم یار خان، لاہور اور مظفر گڑھ میں ہیلتھ کئیر نیٹ ورک کو بڑھا دیا ہے۔ انڈس ہسپتال کو 96 فیصد عطیات پاکستان ہی سے وصول ہوتے ہیں۔